بلوچستان: سوراب میں بارودی گاڑی کی تیاری کے دوران دھماکا، 18 دہشتگرد ہلاک، 3 شہری بھی شہید

بلوچستان: سوراب میں بارودی گاڑی کی تیاری کے دوران دھماکا، 18 دہشتگرد ہلاک، 3 شہری بھی شہید

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ سوراب میں فتنۃ الہندوستان کے دہشت گردوں کی بارودی گاڑی تیاری کے دوران دھماکے سے پھٹ گئی

بلوچستان کے علاقے سوراب میں بارودی گاڑی کی تیاری کے دوران دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں 8 دہشت گرد ہلاک اور3 شہری بھی نشانہ بنےجبکہ واقعے کے بعد کارروائی کے دوران مزید 10 دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق دھماکے کے بعد دہشت گردوں کی جانب سے علاقے میں ذخیرہ کیے گئے دیگر بارودی مواد میں بھی ثانوی دھماکے ہوئے، جن کے نتیجے میں قریب موجود 3 شہری بھی جاں بحق ہوگئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق واقعے کی اطلاع ملتے ہی سکیورٹی فورسز اور بلوچستان پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر مشترکہ کلیئرنس آپریشن شروع کیا۔ کارروائی کے دوران فرار ہونے والے دہشت گردوں کی نقل و حرکت کا سراغ لگایا گیا اور ان کے خلاف مؤثر کارروائی کی گئی، جس کے نتیجے میں مزید دہشت گرد مارے گئے۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق شدید فائرنگ کے تبادلے میں سکیورٹی فورسز کے 2 بہادر جوان بھی زخمی ہوئے، جبکہ علاقے میں باقی ماندہ دہشت گردوں کے خاتمے اور ممکنہ خطرات سے علاقے کو پاک کرنے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ قومی ایکشن پلان کے تحت وفاقی ایپکس کمیٹی کی منظوری اور عزمِ استحکام کے وژن کے مطابق سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ملک بھر میں دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں بھرپور انداز میں جاری رہیں گی۔

ترجمان پاک فوج نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ملک میں غیر ملکی سرپرستی اور حمایت یافتہ دہشت گردی کے ناسور کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔

بلوچستان - سیکیورٹی فورسز
Comments (0)
Add Comment