بلوچستان، خیبرپختونخوا میں سیکیورٹی فورسز کا مشترکہ آپریشن ، 49 دہشتگرد ہلاک

بلوچستان، خیبرپختونخوا میں سیکیورٹی فورسز کا مشترکہ آپریشن  ، 49 دہشتگرد ہلاک

سیکیورٹی فورسز کی جانب سے ممکنہ دہشتگرد سہولت کاروں اور نیٹ ورک سے وابستہ دیگر افراد کی تلاش بھی جاری ہے، سکیورٹی ذرائع

راولپنڈی: خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے مختلف اضلاع میں سکیورٹی فورسز کے مشترکہ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے 49 دہشتگرد ہلاک کر دیے گئے۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں کارروائیوں کے دوران 12 دہشتگرد مارے گئے، جبکہ بلوچستان کے اضلاع مستونگ، مچھ، خضدار اور پنجگور میں کیے گئے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران فتنہ الہندوستان سے وابستہ 37 دہشتگرد ہلاک ہوئے۔

ذرائع کے مطابق کارروائیوں کے دوران دہشتگردوں کے متعدد ٹھکانے بھی تباہ کیے گئے، جبکہ بڑی مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دیگر تخریبی مواد برآمد کیا گیا۔

سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ برآمد ہونے والے سامان میں دھماکا خیز مواد سے بھرے ڈرم اور ریموٹ ڈیٹونیشن ڈیوائسز بھی شامل ہیں، جنہیں دہشتگرد مبینہ طور پر مزید تخریبی کارروائیوں میں استعمال کرنے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔

ذرائع کے مطابق سکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر دہشتگردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا اور کامیاب کارروائیوں کے بعد علاقے کو گھیرے میں لے کر کلیئرنس آپریشن شروع کر دیا۔

سکیورٹی فورسز کی جانب سے ممکنہ دہشتگرد سہولت کاروں اور نیٹ ورک سے وابستہ دیگر افراد کی تلاش بھی جاری ہے، جبکہ علاقے میں مزید انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیوں کا سلسلہ جاری رکھنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

سیکیورٹی فورسز - پاکستان
Comments (0)
Add Comment