بادی النظر میں فیصل واوڈا اور مصطفی کمال توہین عدالت کے مرتکب ہوئے،ازخود نوٹس کیس کی سماعت کا تحریری حکمنامہ جاری
اسلام آباد: سپریم کورٹ نے سابق وفاقی وزیر سینیٹر فیصل واڈا کی پریس کانفرنس پر لیے گئے از خود نوٹس کیس کی سماعت کا تحریری حکمنامہ جاری کردیا جس میں کہا گیا ہے کہ بادی النظر میں فیصل واوڈا اور مصطفی کمال توہین عدالت کے مرتکب ہوئے، دونوں کو اپنے کیے کی وضاحت کا موقع دیتے ہوئے شوکاز جاری کیا جاتا ہے۔
سپریم کورٹ نے اپنے تحریری حکمنامے میں ٹی وی چینلز کو بھی متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ توہین آمیز مواد چلانا یا دوبارہ نشر کرنے والے چینلز توہین عدالت کر رہے ہوں گے۔یاد رہے کہ گزشتہ روز سپریم کورٹ میں سابق وفاقی وزیر سینیٹر فیصل واڈا کی پریس کانفرنس پر لیے گئے از خود نوٹس کیس کی سماعت ہوئی تھی، چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ میں جسٹس عرفان سعادت خان اور جسٹس نعیم اختر افغان بینچ میں شامل تھے۔
سپریم کورٹ نے فیصل واڈا اور مصطفی کمال کو شو کاز نوٹس جاری کرتے ہوئے 2 ہفتے میں جواب جمع کروانے کا حکم دیتے ہوئے سماعت 5 جون تک ملتوی کردی تھی، عدالت عظمی نے پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا)سے پریس کانفرنس کی ویڈیو ریکارڈنگ اور ٹرانسکرپٹ بھی طلب کر لیا تھا۔