باجوڑ: سیکیورٹی فورسز کی کارروائی، 5 خوارج ہلاک، 3 جوان شہید
راولپنڈی: باجوڑ میں خوارجیوں کے ایک گروپ کی پاک افغان بارڈر سے دراندازی کی کوشش کو سیکیورٹی فورسز نے ناکام بنادیا، آپریشن کے دوران 5دہشت گرد ہلاک اور 4 زخمی ہوگئے جب کہ جوابی کارروائی میں پاک فوج کے 3 جوان بھی شہید ہوئے۔
آئی ایس پی آرکے مطابق سیکیورٹی فورسز نے پاک افغان سرحد پر خارجی دہشت گردوں کی پاکستان میں داخلے کی کوشش کو ناکام بنادیا۔ترجمان پاک فوج نے بتایا ہے کہ خارجی دہشت گردوں نے 18 سے 19 اگست کی رات کو پاک افغان سرحد پر دراندازی کی کوشش کی، سیکیورٹی فورسز نے خارجی دہشت گردوں کی در اندازی کو باجوڑ میں ناکام بنایا۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری کی گئی پریس ریلیز میں بتایا گیا کہ سیکیورٹی فورسز کی موثر کارروائی کے نتیجے میں فتنہ الخوارج کے 5 دہشت گرد ہلاک ہوگئے جب کہ کارروائی کے دوران 4 خوارجی زخمی بھی ہوئے۔
ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ خوارجیوں سے شدید فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے 3 بہادر جوان شہید ہوگئے۔آئی ایس پی آر کے مطابق افواج پاکستان سرحدوں کی حفاظت کے لیے پرعزم ہے، ہمارے بہادر جوانوں کی یہ قربانیاں ہمارے عزم کو مزید تقویت دیتی ہے۔
شہدا قوم کا فخر ہے، پوری قوم احسان مند رہے گی۔ صدر آصف زرداری
صدر مملکت آصف علی زرداری نے باجوڑ میں پاک فوج کے 3 جوانوں کی شہادت کے واقعہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شہدا قوم کا فخر ہے، پوری قوم احسان مند رہے گی، افواجِ پاکستان کے جذبہ حب الوطنی اور ایثار کو پوری قوم سلام پیش کرتی ہے۔
صدر مملکت نے دفاع وطن میں جان کا نذرانہ پیش کرنے پر شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا، ان کا کہنا تھا کہ شہدا قوم کا فخر ہے، پوری قوم احسان مند رہے گی۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف سیکیورٹی فورسز کوخراج تحسین
وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف اور دیگر رہنماؤں نے ضلع باجوڑ کے سرحدی علاقے میں دہشتگردوں کے خلاف کامیاب کاروائی پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے ۔
وزیراعظم نے کہا ہے کہ خوارجی دہشت گردوں سے بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے پاک فوج کے جوانوں نائیک عنائیت خان، لانس نائیک عمر حیات اور سپاہی وقار خان کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں۔
وزیراعظم نے ان کے بلندی درجات شہدا کے اہلِ خانہ کیلئے صبر جمیل کی دعا کی ہے ۔ وزیراعظم نے کہا ہے کہ پاک افواج کے بہادر اور جری جوان ہمیشہ وطن عزیز کی حفاظت کے لئے سیسہ پلائی دیوار بنی رہی ہے،دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستانی قوم افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے
وزیرداخلہ محسن نقوی کا خراج تحسین
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے جام شہادت نوش کرنے والے 3 بہادر جوانوں نائیک عنایت خان۔ لانس نائیک عمر حیات اور سپاہی وقار خان کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرکے فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا۔سکیورٹی فورسز کے 3 جوانوں نے وطن عزیز کے لئے اپنی قیمتی جانیں قربان کیں۔
دراندازی ناکام بنانے کے دوران شہادت کا اعلی مرتبہ پانے والے بہادر سپوتوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔ وفاقی وزیرداخلہ نے کہا ہے کہ سکیورٹی فورسز فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں کے خاتمے کیلئے پرعزم ہیں۔
اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کا خراج تحسین
۔اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے باجوڑ میں پاک-افغان باڈر پر دہشتگردوں کی دراندازی کی مذمت کی ہے ،اسپیکر نے دراندازی کو ناکام بنانے اور 5 دہشتگردوں کوہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے ۔ بہادری سے دہشت گردوں کا مقابلہ کرتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے نائیک عنایت خان، لانس نائیک عمر حیات خان اور سپاہی وقار کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے شہدا کے اہلخانہ سے تعزیت اور یکجہتی کا اظہار کیا ہے ۔
اسپیکر نے کہا ہے کہ غم اور دکھ کی مشکل گھڑی میں شہدا کے اہلخانہ کے غم میں برابر کا شریک ہوں،دہشتگردی کے خلاف جنگ میں قوم کے بہادر جوانوں کا خون رائیگاں نہیں جائے گا، اسپیکر قومی اسمبلی اسپیکر نے شہدا کے درجات کی بلندی اور لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعا کی ہے ۔
انھوں نے کہا ہے کہ اس جنگ میں پوری قوم پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، دہشت گرد، مذموم کارروائیوں کے ذریعے سیکیورٹی فورسز کے غیر متزلزل عزم کو متزلزل نہیں کر سکتے،پوری قوم کے تعاون سے سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشتگری اور فتنہ الخوارج کا قلع قمع کرنے میں ضرور کامیاب ہونگی
۔ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی سید میر غلام مصطفی شاہ کی حملے مذمت
۔ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی سید میر غلام مصطفی شاہ نے بھی پاک-افغان باڈر پر دہشتگردوں کی دراندازی کی مذمت کرتے ہوئے شہید ہونے والے پاک فوج کے بہادر جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا ۔
ڈپٹی اسپیکر نے غمزدہ خاندانوں سے تعزیت کا اظہار کیا ہے ۔ شہدا کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کی ہے ۔