باجوڑ: سکیورٹی فورسز کی کارروائی میں دوخود کش بمباروں سمیت 9خوارج ہلاک

باجوڑ: سکیورٹی فورسز کی کارروائی میں دوخود کش بمباروں سمیت 9خوارج ہلاک
بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد برآمد،ہلاک ہونیوالوں میں انتہائی مطلوب   سید محمد عرف قریشی استاد بھی شامل

باجوڑ:   خیبر پختونخوا کے ضلع باجوڑ میں سکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے دو خود کش بمباروں سمیت 9  دہشت گرد وں  کو ہلاک کردیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر)کے مطابق سکیورٹی فورسز نے باجوڑ میں خفیہ اطلاع کی بنیاد پر آپریشن کیا جہاں فورسز کو گزشتہ روز خارجیوں کی موجودگی کی اطلاع ملی تھی۔آپریشن 23 اور 24 اکتوبر کی درمیانی شب خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر کیا گیا جس میں شدید فائرنگ کے تبادلے میں 9 خوارج ہلاک ہو گئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق کارروائی کے دوران دو خودکش بمباروں کے ساتھ ساتھ ایک  انتہائی مطلوب خارجی  لیڈر سید محمد عرف قریشی استاد کوہلاک کردیا گیا۔اس حوالے سے بتایا گیا کہ ہلاک ہونے والے خوارج کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد برآمد کر لیا گیا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق خوارج سکیورٹی فورسز اور معصوم شہریوں کے خلاف متعدد دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث تھے۔بیان میں کہا گیا کہ علاقے میں پائے جانے والے مزید کسی خارجی کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے اور پاک فوج اور سکیورٹی فورسز ملک دہشت گردی کے خاتمے کے لئے پرعزم ہیں۔

وفاقی وزیر داخلہ کا باجوڑ میں کامیاب  آپریشن پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین

 وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے باجوڑ میں کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن پر سکیورٹی فورسز کو شاندار خراج تحسین پیش کیا ہے ۔ انہوں نے 9 دہشتگردوں کو ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کی تعریف کی۔

وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ 9 خوارجی دہشتگردوں کو عبرتناک انجام تک پہنچانے والے سکیورٹی اہلکاروں کو سلام پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سکیورٹی فورسز نے بہادری کے ساتھ دہشتگردوں کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا جس پر پوری قوم کو ان پر فخر ہے۔

 وزیر داخلہ نے سکیورٹی فورسز کو ایک اور کامیاب آپریشن پر مبارکباد دی اور کہا کہ دہشتگردوں کے خاتمے کے  لئے  پوری قوم سکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے۔

آئی ایس پی آرفتنہ الخوارج
Comments (0)
Add Comment