واشنگٹن (نیوز پلس / مانٹیر نگ ڈیسک)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایرانی کو دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ امریکی فوج یا اثاثوں پر ایران نے حملہ کیا تو ایران کے 52 اہم تنصیبات کو نشانہ بنائے گے۔تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر صدر ٹرمپ نے اپنا بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ ایران جارحانہ انداز میں امریکی اہداف کو بدلے کی صورت میں نشانہ بنانے کی بات کر رہا ہے ایران ایسے شخص کے بدلے کی بات کر رہا ہے جس نے ایک امریکی کا قتل کیا اور کئی دیگر کو زخمی کیا تھا اور اس نے اپنی زندگی میں کئی افراد کا قتل کیا جن میں حال ہی میں کئی ایرانی مظاہرین بھی شامل ہیں۔
امریکی صدر کا کہنا تھا کہ قاسم سلیمانی ہمارے سفارتخانے پر بھی حملے کر رہا تھا اور دیگر مقامات پر حملوں کی بھی تیاری کر رہا تھا، ایران کئی سالوں سے ایک مسئلہ بنا ہوا ہے اور اسے ایک دھمکی سمجھا جائے کہ اگر ایران نے امریکیوں یا امریکی اثاثوں پر حملہ کیا تو ہم 52 ایرانی اہداف کو نشانہ بنائیں گے۔صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا مزید کہنا تھا کہ یہ 52 اہداف میں سے چند ایران اور ایرانی ثقافت کے لیے نہایت اہم اور اعلیٰ سطح کے ہیں اور ان اہداف سے ایران کو بہت بڑا دھچکا لگے گا، امریکا مزید دھمکیاں نہیں دنیا چاہتا۔