ایران کے مرکزی بینک کے گورنر کی نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے ملاقات
اسلام آباد : ایران کے مرکزی بینک کے گورنر ڈاکٹر عبدالناصر ہمتّی نے ہفتہ کے روز اسلام آباد ٹاکس کے موقع پر پاکستان کے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے ملاقات کی۔
ترجمان دفتر خارجہ کے بیان کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان خطے میں اقتصادی تعاون اور سفارتی روابط کو مزید مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں فریقین نے دوطرفہ تعلقات کو مستحکم کرنے کے لیے مسلسل مذاکرات کی اہمیت پر زور دیا۔
ملاقات کے دوران اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ خطے میں امن اور استحکام اقتصادی تعاون اور مشترکہ ترقی کے لیے نہایت ضروری ہیں۔
یہ ملاقات ایران اور پاکستان کے درمیان جاری سفارتی کوششوں کا حصہ ہے جس کا مقصد تجارت، معیشت اور علاقائی استحکام کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینا ہے۔