اپوزیشن مخصوص ایجنڈے کے تحت ملک میں مایوسی پھیلا رہی ہے۔ہمایوں اختر

آٹے کا کوئی بحران نہیں اور مصنوعی بحران پیدا کرنے والوں کے خلاف انتظامیہ کو متحرک کر دیا گیا ہے

لاہور(نیوز پلس)پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ حکومت مافیاز اور کرپشن کرنے والوں کا گٹھ جوڑ توڑنے کیلئے پر عزم ہے اور اس میں بڑی کامیابیاں ملی ہیں،اب اس ملک میں کسی کی مرضی کا نظام نہیں چلے گا بلکہ آئین و قانو ن کی بالا دستی ہو گی، حکومت نے ماضی کے حکمرانوں کی طرح قومی خزانے میں نقب لگانے کی بجائے اس کی حفاظت کی ہے اور ایک ایک پائی ملک و قوم کی بہتری پر خرچ کی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں پارٹی رہنماؤں، تاجروں اور سول سوسائٹی کے نمائندہ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ہمایوں اختر خان نے کہا کہ اپوزیشن مخصوص ایجنڈے کے تحت ملک میں مایوسی پھیلا رہی ہے لیکن انہیں سوائے ناکامی کے کچھ نہیں ملے گا۔ اپوزیشن کو چیلنج ہے کہ کسی بھی پلیٹ فارم پر معیشت کے حوالے سے اعدادوشمار کے ساتھ بات کر لے حقیقت ان کے سامنے آ جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ آٹے کا کوئی بحران نہیں اور مصنوعی بحران پیدا کرنے والوں کے خلاف انتظامیہ کو متحرک کر دیا گیا ہے،پنجاب حکومت نے خیبر پختوانخواہ حکومت سے بھی رابطہ کر کے انہیں مشکلات کے حل کیلئے پیشکش کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مافیاز جس شکل میں ہوں انہیں عوام کا خون نہیں چوسنے دیں گے بلکہ انہیں جڑ سے اکھاڑ پھینکا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت معیشت کی ترقی کیلئے تمام شعبوں کو ساتھ لے کر چل رہی ہے، وزیر اعظم عمران خان کل منگل کے روز وزیر اعظم ہاؤس میں تاجر رہنماؤں سے خطاب کریں گے اور ان سے طے پانے والے معاہدے کے مطابق اعلانات کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہم نے اس ملک کو آگے لے کر جانا ہے تو سب کو اپنا اپنا کردار ادا کرنا ہوگا اور ہر شعبے کو ٹیکس کی ادائیگی کرنا ہو گی۔ موجودہ حکومت یقین دلاتی ہے کہ سابقہ حکمرانوں کی طرح ٹیکس کا پیسہ اپنے اور حواریوں کی بجائے ملک و قوم کی فلاح و بہبود خرچ کریں گے اور حکومت نے اپنے اقدامات سے اس کے عملی ثبوت بھی پیش کئے ہیں۔

 

ہمایوں اختر خان
Comments (0)
Add Comment