امیر جماعت اسلامی سراج الحق عمران خان کی عیادت کرنے پہنچ گئے
لاہور (نیوزپلس) امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی عیادت کے لئے ان کے گھر زمان پارک پہنچ گئے جماعت اسلامی کے وفد میں لیاقت بلوچ، امیر العظیم اور قیصر شریف بھی شامل تھے ۔
سابق وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کے بعد امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج ہم عمران خان کی عیادت کے لیے آئے تھے اور چیئرمین پی ٹی آئی کی صحت یابی کے لیے دعا گو ہیں۔
سراج الحق کا کہنا تھا کہ سیاستدان کہیں بھی بیٹھیں سیاست پر بات ضرور ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے ہمیں نہ ہی لانگ مارچ میں شرکت کی دعوت دی اور نہ ہم نے شرکت کی ہامی بھری۔
صحافیو کے مختلف سوالات کے جواب میں سراج الحق نے کہا ہے کہ انتخابی اصلاحات پر جماعتِ اسلامی کا مؤقف واضح ہے کہ تمام سیاسی جماعتوں کو انتخابی اصلاحات پر بات کرنی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن سے پہلے انتخابی اصلاحات ضروری ہیں، انتخابی اصلاحات کے بغیر الیکشن پہلے ہی دن متنازع ہو جاتے ہیں۔
سراج الحق کا مزید کہنا تھا کہ جلسے جلوس ،مارچ ،سیاسی ہلچل اور سیاسی سر گرمیاں ہر سیاسی جماعت کا حق ہے ۔