افغان سرزمین پاکستان کے خلاف دہشت گردی میں مسلسل استعمال ہورہی ہے ، ترجمان دفتر خارجہ

افغان سرزمین پاکستان کے خلاف دہشت گردی میں مسلسل استعمال ہورہی ہے ، ترجمان دفتر خارجہ

اسلام آباد — دفتر خارجہ کے ترجمان طاہر حسین اندرابی نے کہا ہے کہ افغانستان کی سرزمین بدستور پاکستان کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال کی جارہی ہے، اور افغان طالبان ایسے عناصر کی سرپرستی کر رہے ہیں جو پاکستان میں حملوں میں ملوث ہیں۔ ہفتہ وار پریس بریفنگ میں انہوں نے واضح کیا کہ انہی وجوہات کی بنا پر پاکستان نے افغانستان کے ساتھ تجارت معطل کر رکھی ہے، اور پالیسی میں کسی فوری تبدیلی کا امکان نہیں۔

اسحاق ڈار کے دورۂ یورپ اور اہم ملاقاتیں

ترجمان نے بتایا کہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار یورپی یونین کے دورے پر ہیں جہاں انہوں نے چوتھے انڈو پیسفک فورم میں شرکت کی۔ اس دوران انہوں نے یورپی یونین کے عہدیداران سمیت ڈینش، سلوانین اور ڈچ وزرائے خارجہ سے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔

ہنگری کے وزیر خارجہ کے ساتھ ملاقات میں پاکستانی طلبہ کے لیے تعلیمی وظائف سے متعلق ایک مفاہمتی یادداشت پر بھی دستخط کیے گئے۔

یورپی یونین سے قبل اسحاق ڈار نے 17 سے 18 نومبر ماسکو کا دورہ کیا، جہاں وہ ایس سی او سربراہان حکومت اجلاس میں شریک ہوئے اور روسی صدر، وزیراعظم اور وزیر خارجہ سے ملاقاتیں کیں۔ اجلاس میں افغانستان سمیت علاقائی تعاون اور معاشی روابط پر تفصیلی گفتگو ہوئی، جس کے بعد مشترکہ اعلامیہ بھی جاری کیا گیا۔

عالمی مسائل پر پاکستان کا موقف

اسرائیلی افواج کی جانب سے مقبوضہ مغربی کنارے میں کارروائیوں اور مسجد اقصیٰ کی بے حرمتی کی شدید مذمت کرتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ یہ اقدامات بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہیں۔

بھارت میں لال قلعہ بم دھماکوں کے بعد ہونے والی بڑی پیمانے پر گرفتاریوں پر ردعمل دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ زیادہ تر گرفتار شدگان کا تعلق مقبوضہ کشمیر سے ہے۔ بھارت مقبوضہ وادی میں آبادیاتی تناسب تبدیل کرنے کی کوششوں میں مصروف ہے، جس پر پاکستان مسلسل عالمی برادری اور اقوام متحدہ سے نوٹس لینے کا مطالبہ کر رہا ہے۔

بنگلا دیش اور دیگر علاقائی امور

حسینہ واجد کو سنائی گئی سزا پر سوال کے جواب میں ترجمان نے اسے بنگلا دیش کا اندرونی معاملہ قرار دیا اور کہا کہ یہ وہاں کے آئین اور قانون کے مطابق ہے۔

ترکی کے ثالثی وفد کے دورے کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ پاکستان اس اقدام کا خیر مقدم کرتا ہے، تاہم نائب صدر کے غیر ملکی دورے کے باعث وقت میں تاخیر ہوئی۔

پاک–امریکہ تعلقات اور سفارتی روابط

امریکی صدر کے بھارتی وزیراعظم سے متعلق حالیہ بیان کو “قابلِ اعتماد” قرار دیتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ پاکستان امریکی کردار کو ہمیشہ سراہتا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ غزہ پر امریکی قرارداد کے حق میں پاکستان کے ووٹ کی وجوہات بھی متعلقہ فورمز پر بیان کر دی گئی ہیں، جبکہ چین اور پاکستان کے مؤقف میں کئی پہلوؤں پر مماثلت موجود ہے۔

ترجمان نے مزید کہا کہ پاکستان اور افغانستان کے سفارت خانے معمول کے مطابق کام کر رہے ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان سفارتی چینلز کھلے ہوئے ہیں۔

پاکستان - افغانستان - کشیدگیترجمان دفتر خارجہ - طاہر انداربی
Comments (0)
Add Comment