اسلام آباد کی خصوصی عدالت کی طرف سے سنگین غداری کیس میں ایڈووکیٹ رضا بشیر کو سابق صدر جنرل پرویز مشرف کا وکیل مقرر

وزارت قانون کی جانب سے چودہ ناموں پر مشتمل وکلا کی فہرست عدالت میں جمع کرائی گئی

 

اسلام آباد(نیوز پلس)اسلام آباد کی خصوصی عدالت نے سنگین غداری کیس میں ایڈووکیٹ رضا بشیر کو سابق صدر جنرل پرویز مشرف کا وکیل مقررکردیاہے۔ جسٹس طاہرہ صفدر کی سربراہی میں خصوصی عدالت کے تین رکنی بینچ نے سابق صدر جنرل پرویز مشرف کیخلاف سنگین غداری کیس کی سماعت کی،جہاں وزارت قانون کی جانب سے چودہ ناموں پر مشتمل وکلا کی فہرست عدالت میں جمع کرائی گئی۔وکیلِ استغاثہ نے عدالت کو بتایاکہ فہرست میں شامل کسی نام پرانہیں اعتراض نہیں ہے، پرویز مشرف کیلئے وکیل مقرر کرنا عدالت کی صوابدید ہے۔بینچ کی سربراہ جسٹس طاہرہ صفدر نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ فہرست میں شامل کسی ایک وکیل کو آج ہی پرویز مشرف کے دفاع اور تین سو بیالیس کے بیان کیلئے مقرر کیا جائے گا،بعد ازاں عدالت نے رضابشیر ایڈووکیٹ کو پرویز مشرف کا وکیلِ دفاع مقرر کرنے کاتحریری حکم نامہ جاری کیا۔رضابشیر ایڈووکیٹ کی تقرری کا نوٹی فیکیشن آئندہ تین روز میں جاری کیا جائے گا، حکم نامہ کے مطابق رضا بشیر کو ان کی فیس کی مد میں اخراجات وزارت قانون ادا کرے گی، اس پیش رفت کے بعد کیس کی سماعت اٹھائیس اگست تک ملتوی کردی گئی۔

جنرل پرویز مشرفخصوصی عدالتسنگین غداری کیس
Comments (0)
Add Comment