اسلام آ باد (نیوز پلس)اسلام آباد کی احتساب عدالت نے پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری کی کراچی میں علاج کرانے کیلیے دائر درخواست مسترد کر دی۔تفصیلات کے مطابق منگل 12 نومبر کو احتساب عدالت کے جج محمد اعظم خان نے آج صبح دلائل مکمل ہونے پر فیصلہ محفوظ کیا تھا۔سابق صدر کے وکیل سردار لطیف کھسہ نے دلائل میں کہا تھا کہ آصف علی زرداری کی میڈیکل ہسٹری کراچی میں ہے اور ان کا بہترعلاج کراچی میں ہی ممکن ہے۔ سردار لطیف کھوسہ نے کہا کہ سابق صدر آصف زرداری نے پہلے کوئی بھیک مانگی نہ اب مانگیں گے جبکہ نیب پراسیکوٹر نے کراچی منتقلی کی درخواست کی مخالفت کرتے ہوئے کہا تھا کہ ملزم کو مکمل علاج مل رہا ہے اور زرداری کو جیل سے اسپتال پہلے ہی منتقل کیا جا چکا ہے۔ یہ کہتے ہیں کہ ان کو بیڈ بھی یہ عدالت لگا کر دے، ایسی درخواست دینی ہے تو حکومت کو دیں۔اس سے قبل عدالت نے سابق صدر اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور کے جوڈیشل ریمانڈ میں 26 نومبر تک توسیع کی تھی۔