آزاد کشمیر کے حالات خراب کرنے میں بھارت ملوث ہے، سازش کا ڈٹ کر مقابلہ کیا جائے گا، آل پارٹیزکانفرنس

آزاد کشمیر کے حالات خراب کرنے میں بھارت ملوث ہے، سازش کا ڈٹ کر مقابلہ کیا جائے گا، آل پارٹیزکانفرنس

معرکہ حق کی فتح نے تحریکِ آزادی کشمیر کو مزید مضبوط کیا ،مسئلہ کشمیر عالمی سطح پر موثر انداز میں اجاگر ہوا ہے،اعلامیہ جاری

اسلام آباد:  آزاد جموں و کشمیر ہائوس میں آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی)کا انعقاد کیا گیا، جس کا اعلامیہ بھی جاری کردیا گیا۔اے پی سی کے جاری کیے گئے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ معرکہ حق کی کامیابی کے بعد بھارت بوکھلاہٹ کا شکار ہے۔ ریاست کے حالات خراب کرنے کی کسی بھی سازش کا ڈٹ کر مقابلہ کیا جائیگا۔اعلامیے میں کہا گیا کہ معرکہ حق کی فتح نے تحریکِ آزادی کشمیر کو مزید مضبوط کیا ہے، جبکہ مسئلہ کشمیر عالمی سطح پر موثر انداز میں اجاگر ہوا ہے۔

اعلامیے میں یہ بھی بیان کیا گیا کہ تمام سیاسی قیادت مقبوضہ کشمیر میں جاری تحریکِ آزادی کی بھرپور حمایت کرتی ہے۔ مزید کہا گیا کہ آزاد کشمیر کے حالات خراب کرنے کی کسی بھی سازش کا ہر سطح پر ڈٹ کر مقابلہ کیا جائے گا اور تمام سیاسی جماعتیں عوامی مفاد اور مسائل کے حل کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں گی۔اے پی سی کے مطابق کسی بھی فورم یا پریشر گروپ کو عوامی مفاد کے فیصلوں پر اثر انداز ہونے کی اجازت نہیں دی جائے گی  اور 21ستمبر سے مسلح افواج کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کے لیے عوامی رابطہ مہم کا آغاز کیا جائے گا۔ جس کا پہلا جلسہ روالاکوٹ میں ہوگا۔

واضح رہے کہ جموں و کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے نام سے فورم نے مطالبات کے حق میں 29ستمبر کو ریاست بھر میں لاک ڈائون کا اعلان کررکھا ہے۔ ایکشن کمیٹی کی جانب سے حکومت کو 38 نکاتی چارٹر آف ڈیمانڈ پیش کیا گیا ہے۔حکومت کا کہنا ہے کہ عوامی حقوق کی آڑ میں ریاست کے خلاف سازش ہورہی ہے۔ اس لیے ہر صورت میں حکومتی رٹ قائم کی جائیگی۔

اس سلسلے میں امن و امان کی صورت حال کو قائم رکھنے کے لیے وفاقی حکومت نے آزاد کشمیر میں 2 ہزار پولیس اہلکار تعینات کرنے کی منظوری دی ہے، تاکہ امن و امان کی صورت حال قائم رہ سکے۔یہ بھی واضح رہے کہ اس سے قبل جموں و کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے دبائو  پر حکومت نے آٹا 2 ہزار روپے (40 کلو) اور بجلی 3 روپے فی یونٹ کرنے کی منظوری دی تھی، جس کے بعد ایکشن کمیٹی کے مطالبات میں مزید اضافہ ہوگیا، اور اب سب سے بڑا مطالبہ مہاجرین جموں و کشمیر کی نشستوں کے خاتمے کا کیا جارہا ہے۔

اے پی سی - کشمیروزیراعظم آزاد کشمیر - چوہدری انوارالحق
Comments (0)
Add Comment