آرمی چیف سے بنگلہ دیشی مسلح افواج کے پرنسپل اسٹاف افسر لیفٹیننٹ جنرل قمرالحسن کی ملاقات، دفاعئی تعاون پر تبادلہ خیال

آرمی چیف سے بنگلہ دیشی مسلح افواج کے پرنسپل اسٹاف افسر لیفٹیننٹ جنرل قمرالحسن کی ملاقات، دفاعئی تعاون پر تبادلہ خیال

راولپنڈی:  آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر سے بنگلہ دیش کی مسلح افواج کے پرنسپل اسٹاف افسر لیفٹیننٹ جنرل ایس ایم قمرالحسن نے ملاقات کی ہے ۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر ) کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق بنگلہ دیشی مسلح افواج کے پرنسپل اسٹاف افسر لیفٹیننٹ جنرل ایس ایم قمرالحسن نے دورہ پاکستان کے دوران جنرل ہیڈ کوارٹر ( جی ایچ کیو ) راولپنڈی میں آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے ملاقات کی ہے جس کے دوران خطے میں سیکیورٹی کی صورتحال اور دوطرفہ دفاعی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ دونوں رہنماؤں نے فوجی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا اور شراکت داری کو کسی بھی بیرونی مداخلت سے محفوظ رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے جنوبی ایشیا اور خطے میں امن واستحکام کیلئے مشترکہ کوششوں کو فروغ دینے کا عزم کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک مشترکہ دفاعی اقدامات کے ذریعے علاقائی سلامتی کیلئے شراکت جاری رکھیں گے۔

اس سے قبل بنگلہ دیشی وفد نے جوائنٹ سٹاف ہیڈکوارٹرز (جے ایس ایچ کیو) میں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا سے تفصیلی ملاقات کی، ملاقات میں مشترکہ اسٹریٹجک مفادات پر گفتگو ہوئی اوردونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کو فروغ دینے کے مواقع پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

جنرل ساحر شمشاد مرزا اور لیفٹیننٹ جنرل قمرالحسن نے علاقائی امن، سلامتی اور استحکام کو فروغ دینے کے لیے مسلسل تعاون کی اہمیت پر بھی اتفاق کیا۔

اس موقع پر چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا نے کہا کہ دونوں ممالک محفوظ اور خوش حال مستقبل کے لیے ایک مشترکہ وژن رکھتے ہیں جو مضبوط دفاعی تعلقات پر مبنی ہے۔

ملاقات کے دوران دونوں ممالک کو پائیدار شراکت داری کو بیرونی اثرات سے محفوظ رکھنے پر زور دیا گیا اور آرمی چیف نے خطے میں امن واستحکام کو فروغ دینے کیلئے مشترکہ کوششوں کی اہمیت کا اعادہ کیا۔

جنرل عاصم منیر کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک باہمی تعاون پر مبنی دفاعی اقدامات کے ذریعے علاقائی سلامتی میں تعاون جاری رکھیں۔

آئی اسی پی آر کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل قمرالحسن نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا اوردہشت گردی کے خلاف جنگ میں ان کی قربانیوں کی تعریف کی، انہوں نے مسلح افواج کے عزم اور استقلال کو قابلِ ستائش قرار دیا۔

 

آرمی چیف جنرل سید عاصم منیربنگلہ دیشلیفٹیننٹ جنرل قمرالحسن
Comments (0)
Add Comment