آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ: سپر ایٹ مرحلے میں ویسٹ انڈیز کی امریکا کو بآسانی 9 وکٹوں سے شکست
بارباڈوس: آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 کے سپر 8 مرحلے کے میچ میں ویسٹ انڈیز نے امریکا کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 9 وکٹوں سے شکست دے دی۔
فاتح ٹیم نے 129 رنز کا ہدف 11 ویں اوور میں ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کر لیا ۔ شائی ہوپ نے دھواں دار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور ناقابل شکست 82 رنز بنائے ، روسٹن چیز کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا ، انہوں نے 3 وکٹیں حاصل کیں ۔
گزشتہ روز برج ٹاؤن ، بارباڈوس میں کھیلے گئے گروپ ٹو کے میچ میں امریکا کی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 19.5 اوورز میں 128 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی ۔ اینڈریز گوس 29 ، نتیش کمار 20 اور ملند کمار 19 رنز کے ساتھ نمایاں رہے ، ویسٹ انڈیز کی جانب سے اینڈرے رسل اور روسٹن چیز نے تین ، تین وکٹیں حاصل کیں۔
ویسٹ انڈیز کی دعوت پر امریکا نے بیٹنگ شروع کی اور امریکی ٹیم کا پہلا کھلاڑی 2 رنز بنا کر پویلین لوٹ گیا، سٹیون ٹیلر کے بعد آنے والے نتیش کمار نے انڈریس گوس کے ساتھ ذمہ داری سے کھیلتے ہوئے اپنی ٹیم کا سکور 51 تک پہنچا دیا، دونوں نے بالترتیب 20 اور 29 رنز بنائے۔
ملند کمار 19، شیڈلے وین 18، کپتان آرون جونز 11، کورے اینڈرسن 7 رنز ہی بنا پائے جبکہ علی خان 14 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے، یوں امریکن ٹیم 128 رنز ہی بنا پائی۔
ویسٹ انڈیز کی جانب سے آندرے رسل اور روسٹن چیز نے 3، 3، الزاری جوزف نے 2 جبکہ گڈکیش موتی نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔