ہم بلین ٹریز، ایک کروڑ نوکریوں کے دعوے کرنے والے نہیں، ہم جو بات کرتے ہیں وہ پوری کرنا جانتے ہیں‘ نواز شریف

ہم بلین ٹریز، ایک کروڑ نوکریوں کے دعوے کرنے والے نہیں، ہم جو بات کرتے ہیں وہ پوری کرنا جانتے ہیں‘ نواز شریف

ہماری حکومت ختم نہ کی جاتی تو کوئی بیروزگار نہ ہوتا،فیصل آباد میں اورنج لائن ٹرین چلے گی، یہ یوتھ ممی ڈیڈی والی نہیں، یہ یوتھ (ن) کیساتھ ہے

جب مخالفین دھرنے کر رہے تھے تب ہم دہشتگردی ختم کررہے تھے، آگے پیچھے میٹرو بس، اورنج لائن بن رہی تھی‘ فیصل آباد میں جلسے سے خطاب

نوجوان 8جنوری کو شیر پر مہر لگائیں اور تعلیم کا انتظام کریں،فیصل آباد کے لیے یہاں آئی ٹی یونیورسٹی بناکر دیں گے‘ شہباز شریف

8 فروری کو ہیر پھیر نہیں کرنی شیر پر ہی مہر لگانی ہے،نواز شریف فیصل آباد میں ترقی کے منصوبے لایا ہے‘صدر پاکستان مسلم لیگ (ن)

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف نے کہا ہے کہ ہمارے مخالفین جب دھرنے کررہے تھے تب ہم دہشتگردی ختم کررہے تھے، آگے پیچھے میٹرو بس، اورنج لائن بن رہی تھی، ہماری حکومت ختم نہ کی جاتی تو مجمع میں موجود کوئی بے روزگارنہیں ہوتا،یہاں میٹرو بس نہیں اورنج لائن ٹرین بھی ہونی چاہیے،جنہوں نے نعرہ لگایا تھا ان کے دور میں کسی کو پچاس لاکھ مکان ملے نہ ایک کروڑ نوکریاں ملیں لیکن پھر کہتے ہیں نوجوان ہمارے ساتھ ہیں،ممی ڈیڈی والے نہیں، اصل یوتھ نواز شریف کے ساتھ ہے، یوتھ مسلم لیگ (ن) کے ساتھ ہے

 جبکہ مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے کہا کہ نواز شریف کی قیادت میں ترقی کا سفر شروع کریں گے، 8فروری کو ہیر پھیر نہیں کرنی شیر پر ہی مہر لگانی ہے۔ فیصل آباد دھوبی گھاٹ میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ میرے پاس آپ لوگوں کے جذبات اور خلوص کیلئے شکریہ کے الفاظ نہیں، بس یہی کہوں گا زندہ باد فیصل آباد، شہباز شریف نے آپ کو میٹرو بس پر ٹرخا دیا ہے، یہاں میٹرو بس نہیں اورنج لائن بھی ہونی چاہیے، سارا مجمع فیصل آباد میں اورنج لائن دیکھنا چاہتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہاں ہر بندے کے پاس روزگار ہونا چاہیے، جنہوں نے ایک کروڑ نوکریوں کا نعرہ لگایا تھا ان کے دور میں کسی کو نوکری نہیں ملی، کہتے تھے ایک کروڑ نوکریاں دیں گے، کسی کو نوکری ملی؟،نواز شریف نے پارٹی صدر شہباز شریف کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ یہاں 5 سال بعد کوئی بیروزگار نظر نہیں آنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ فیصل آباد کے دائیں اور بائیں جانب موٹر وے ہیں، آپ کو کتنی موٹر ویز چاہئیں، آپ نہیں بھی بتا ؤگے تب بھی میں نے موٹر ویز بنانی ہیں، ہم جو بات کرتے ہیں وہ پورا کرنا جانتے ہیں۔ نواز شریف نے پارٹی رہنماؤں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ مجھے دوست چوہدری شیر علی نظر نہیں آ رہا، چوہدری شیر علی ہوتے ہیں تو بڑی رونق ہوتی ہے، آپ نے چوہدری شیر علی کی لاج رکھنی ہے،

 طلال چوہدری یہاں بیٹھے ہیں، وفاداری کی مثال ہیں، رانا ثنا اللہ میرا بہترین دوست ا ور وفادار ہے، یہ سارے میرے بہت پرانے دوست ہیں۔نواز شریف نے کہا کہ انشا اللہ وہ زمانہ واپس لائیں گے جب روٹی 4 روپے کی تھی، چینی، آٹا اور پیٹرول سستا تھا، سبزیاں 10 روپے کلو تھی، وہ دھرنے کر رہے تھے ہم لوڈ شیڈنگ اور دہشت گردی کا خاتمہ کر رہے تھے۔نواز شریف نے مزید کہا کہ میرے دور میں سونا 50 ہزار روپے تولہ تھا، غریب کو بیٹی کے ہاتھ پیلے کرنے کی فکر نہیں تھی، آگے پیچھے میٹرو بس، اورنج لائن بن رہی تھی، ہماری حکومت ختم نہ کی جاتی تو مجمع میں موجود کوئی بیروزگار نہیں ہوتا۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ مبارک ہو 8 فروری کو آپ جیتیں گے، ہم وہ لوگ نہیں جو کہیں 50 لاکھ گھر بنائیں گے، جنہوں نے نعرہ لگایا ان کے دور میں کسی کو گھر ملا؟ ہم سچی کھری بات کرتے ہیں جو کہتے ہیں وہ کرتے ہیں، ہم بلین ٹری والے نہیں ہیں، ہم جو بات کہتے ہیں وہ کرنا جانتے ہیں، ہم جو وعدہ کرتے ہیں پورا کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ یوتھ ممی ڈیڈی والی نہیں ہے، یہ یوتھ (ن) لیگ کے ساتھ ہے، میرے پاس الفاظ نہیں ہیں، میں بس اس یوتھ کو یہ کہوں گا فیصل آباد زندہ باد۔مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ٹھاٹھے مارتا سمندر گواہی دے رہا ہے کہ عوام کی محبت نواز شریف کے ساتھ ہے، نواز شریف نے فیصل آباد کو ہمیشہ اپنا شہر سمجھا اور ترقیاتی منصوبے لے کر آئے، وہ سڑکیں آج بھی قائم ہیں جو ہم نے یہاں بنائی تھیں۔میں نے یہاں ایکسپریس وے بناکر دی، نواز شریف کی قیادت میں ترقی کا سفر دوبارہ شروع ہوگا۔اگر موقع ملا تو نواز شریف آپ کو فیصل آباد میں میٹرو بناکر دیں گے۔انہوں نے کہا کہ فیصل آباد کی ساری سیٹیں جیتنا ہے، 8 فروری کو شیر پر مہر لگانی ہے، ہیرا پھیری نہیں کرنی ہے،نوجوان پاکستان کی طاقت اور سرمایہ ہیں، جنہیں دوبارہ لیپ ٹاپ ملیں گے، فیصل آباد کی تمام سیٹیں جیت گئے تو فیصل آباد میں آئی ٹی یونیورسٹی بنائیں گے۔8 فروری کو شیر پر مہر لگاؤگے تو نوجوانوں کیلئے نواز شریف جدید تعلیم کا انتظام کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے فیصل آباد کو ہمیشہ اپنا شہر جانا ہے، وہ ترقیاتی منصوبے لائے، میں پارٹی قائد کے حکم پر روزانہ صبح 6 بجے فیصل آباد آتا تھا، جس وقت لوگ لحاف میں سوئے ہوتے تھے۔8 فروری کو ہیر پھیر نہیں کرنی شیر پر ہی مہر لگانی ہے۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف فیصل آباد میں ترقی کے منصوبے لایا ہے،نواز شریف کوووٹ دوگے تو نوجوانوں کیلئے جدید تعلیم کا انتظام کریں گے، نوجوان اور بچے ملک کی طاقت اور سرمایہ ہیں۔اس بار ہم اپنے منشور میں ترقیاتی منصوبے لے کر آئے ہیں، اس شہر میں جو ہمارے دور میں سڑکیں بنیں وہ سڑکیں آج بھی قائم ہیں۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی قیادت میں ترقی کا سفر دوبارہ شروع کریں گے۔

پاکستان مسلم لیگ (ن )میاں نواز شریف
Comments (0)
Add Comment