ہرنائی میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی، 3 دہشت گرد ہلاک، میجر اور حوالدار شہید

ہرنائی میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی، 3 دہشت گرد ہلاک،  میجر اور حوالدار شہید

 صدر، وزیر اعظم ، وزیر اطلاعات ، چیرمین سینٹ ، سپیکر قومی اسمبلی کا شہداکو خراج عقیدت

راولپنڈی:   بلوچستان کے ضلع ہرنائی میں شہریوں کا نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کرنے والے شر پسند عناصر کے خلاف کارروائی کے دوران پاک فوج کے ایک میجر اور حوالدار شہید ہوگئے جبکہ 3 دہشت گرد مارے گئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سے جاری بیان کے مطابق 14 نومبر کو ضلع ہرنائی میں معصوم شہریوں کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کی اطلاع ملنے پر سیکیورٹی فورسز نے کارروائی کی۔بیان میں کہا گیا کہ اطلاع پرفوری طور پر میجر محمد حسیب کی قیادت میں علاقے کو کلئیر کرنے کے لیے سیکیورٹی اہلکاروں کو روانہ کردیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسزنے مثر طریقے سے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو نشانہ بنایا،  جس کے نتیجے میں تین دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔

دہشت گردوں کے خلاف کارروائی سے متعلق بتایا گیا کہ کارروائی کے دوران ایک دیسی ساختہ دھماکہ خیز مواد سیکیورٹی فورسز کی اگلی گاڑی پر پھٹ گیا۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ دھماکا خیز مواد پھٹنے کے نتیجے میں فرنٹ لائن پر اپنی ٹیم کی قیادت کرنے والے میجر محمد حسیب اور حوالدار نور احمد  نے بہادری سے لڑتے ہوئے وطن پر اپنی جان قربان کر دی اور شہادت کا رتبہ پایا۔

بیان میں کہا گیا کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز قوم کے شانہ بشانہ بلوچستان کے امن، استحکام اور ترقی کو سبوتاژ کرنے کی کوششوں کو ناکام بنانے کے عزم پر قائم ہیں۔

 مزید بتایا گیا کہ ہمارے بہادر سپاہیوں کی یہ قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کے دوران شہید ہونے والے 28 سالہ میجر محمد حسیب کا تعلق ضلع راولپنڈی سے ہے، جنہوں نے 8 سال6 ماہ تک دفاعِ وطن کا مقدس فریضہ سر انجام دیا۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ میجر محمد حسیب شہید  کے سوگواران میں والدین اور بہن بھائی شامل ہیں۔شہید 38 سالہ حوالدار نور احمد کا تعلق بلوچستان کے ضلع بارکھان سے ہے اور انہوں نے 14 سال تک وطن عزیز کا دفاع کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق حوالدارنور احمد شہید کے سوگواران میں اہلیہ، 3بیٹے اور ایک بیٹی شامل ہیں۔

 دریں اثنا صدر مملکت آصف علی زرداری،وزیراعظم محمد شہباز شریف ، وزیر اطلاعات  عطاتارڑ، چیرمین سینٹ یوسف رضا گیلانی سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے  ضلع ہرنائی میں دہشت گردوں کے خلاف کاروائی کے دوران جام شہادت نوش کرنے والے پاک فوج کے میجر محمد حسیب اور حوالدار نور احمد کو خراج عقیدت پیش کیا ہے ،۔

صدر مملکت آصف علی زرداری کا ضلع ہرنائی میں دہشت گردوں کے خلاف کاروائی کے دوران جامِ شہادت نوش کرنے والے جوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ  میجر محمد حسیب اور حوالدار نور احمد کو وطن کی خاطر جان کا نذرانہ پیش کرنے پر قوم کی جانب سے سلام، دفاع وطن کے دوران بڑی قربانی پیش کرنے پر پوری قوم شہدا کی ممنون ہے،

 صدر مملکت نے کاروائی کے دوران تین دہشت گردوں کو جہنم واصل کرنے پر سیکیورٹی فورسز کی بہادری کو سراہاصدر مملکت کا شہدا کے لواحقین کے ساتھ اظہارِ تعزیت کیا اور کہا کہ  دہشتگردی کے مکمل خاتمے کیلئے کاروائیاں جاری رکھیں گے،  قوم شہدا اور انکے خاندان کی قربانیوں کو فراموش نہیں کرے گی،

صدر مملکت صدر آصف علی زرداری کی شہدا کیلئے بلندی درجات ، اہل خانہ کیلئے صبر جمیل کی دعا  کی۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف کا ضلع ہرنائی میں دہشت گردوں کے خلاف کاروائی کے دوران جام شہادت نوش کرنے والے پاک فوج کے میجر محمد حسیب اور حوالدار نور احمد کو خراج عقیدت پیش کیا ہے انہوں نے  شہدا کی بلندی  درجات کی دعا اور ان کے لواحقین سے اظہار تعزیت  کیا اور کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان فوج کے افسروں اور جوانوں کی لازوال قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لئے پر عزم ہیں۔

بلوچستان -میجر محمد حسیب - حوالدار نور احمد
Comments (0)
Add Comment