کوئٹہ ریلوے اسٹیشن پر دھماکا، 26 افراد جاں بحق‘62سے زائد زخمی

کوئٹہ ریلوے اسٹیشن پر دھماکا، 26 افراد جاں بحق‘62سے زائد زخمی

وزیراعظم، قائم مقام صدر، وزیر داخلہ، وزیراعلیٰ بلوچستان،وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور دیگر اہم شخصیات کی مذمت

 دہشت گرد انسانیت کے دشمن ہیں جو نہتے عوام کو نشانہ بناتے ہیں‘یوسف رضا گیلانی

کوئٹہ:   کوئٹہ میں ریلوے اسٹیشن پر دھماکا ہوا ہے، جس کے نتیجے میں 26 افراد جاں بحق اور62سے زائد زخمی ہو گئے۔ایس ایس پی آپریشنز محمد بلوچ کا کہنا ہے کہ دھماکے میں 62 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔

وزیراعظم شہبازشریف، قائم مقام صدر سید یوسف رضاگیلانی، وزیر داخلہ محسن نقوی، وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی،وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور دیگر اہم شخصیات نے دھماکے کی شدید مذمت کی ہے۔ وزیراعظم نے ذمہ داروں کو تلاش کرنے اور زخمیوں کو ہر ممکن علاج کی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔ایم ایس ڈاکٹر نور اللہ کا کہنا ہے کہ سول ہسپتال کوئٹہ میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔

انہوں نے بتایا ہے کہ طبی امداد کے لیے اضافی ڈاکٹرز اور عملے کو بھی طلب کر لیا ہے۔ ڈاکٹر عائشہ فیض کا کہنا ہے کہ جاں بحق افراد کی لاشیں اور زخمیوں کو سول ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکے کی جگہ پر پولیس اور ریسکیو ٹیمیں موجود ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ دھماکا ریلوے اسٹیشن کے پلیٹ فارم پر ہوا ہے۔ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ پشاور کے لیے جعفر ایکسپریس کو 9 بجے روانہ ہونا تھا، ٹرین ابھی تک پلیٹ فارم پر نہیں لگی تھی کہ ٹکٹ گھر کے قریب دھماکا ہو گیا۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دھماکے کی نوعیت کا تعین کیا جا رہا ہے۔ایس ایس پی آپریشنز محمد بلوچ نے کہا ہے کہ بظاہر دھماکا خود کش لگتا ہے، مزید تحقیقات جاری ہیں۔

ترجمان بلوچستان حکومت کا کہنا ہے کہ دھماکے میں 62 کے قریب افراد زخمی ہیں، ریلوے اسٹیشن پر سیکیورٹی پر ریلوے پولیس تعینات ہوتی ہے۔انہوں نے کہا کہ جو شواہد ملے ہیں، اس سے دھماکا خود کش لگتا ہے۔قائم مقام صدر یوسف رضا گیلانی نے کوئٹہ میں ریلوے اسٹیشن پر بم دھماکے کی مذمت کی ہے۔یوسف رضا گیلانی کا کہنا ہے کہ دہشت گرد انسانیت کے دشمن ہیں جو نہتے عوام کو نشانہ بناتے ہیں۔

قائم مقام صدر نے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے ہر ممکن اقدامات کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔دوسری جانب وزیرِ اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے اعلیٰ انتظامی حکام سے رابطہ کر کے واقعے کی تحقیقات کا حکم دے دیا۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے متعدد واقعات میں ملوث عناصر تک پہنچ چکے ہیں، صوبے میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائی جاری ہیں اور متعدد واقعات میں ملوث دہشت گرد پکڑے جا چکے ہیں۔وزیرِ اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کا یہ بھی کہنا ہے کہ بلوچستان سے دہشت گردوں کا قلع قمع کریں گے۔

وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کوئٹہ ریلوے اسٹیشن کے قریب دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کوئٹہ میں دہشت گردی کے واقعے میں جانی نقصان پر انتہائی دکھ ہوا ہے۔مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ ملک دشمن عناصر خوف کا ماحول پیدا کرنا چاہتے ہیں۔

کوئٹہ ریلوے اسٹیشن -دھماکا
Comments (0)
Add Comment