ڈیوس کپ ورلڈ گورپ ٹائی مقابلے میں پاکستانی کھلاڑی اعصام الحق اور عقیل خان فاتح
ڈیوس کپ ورلڈ گروپ ٹائی مقابلے پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان پاکستان اسپورٹس کمپلیکس اسلام آباد کے اعصام الحق ٹینس پویلین میں کھیلے گئے پہلے سنگلز میچ میں پاکستانی اسٹار اعصام الحق قریشی نے ڈیوڈ اگونگ سوسانتو کو 6-1، 6-4 سے شکست دی۔
اعصام الحق نے نے پورے میچ میں اپنے حریف پر غلبہ حاصل کرتے ہوئے کلاسک گراس کورٹ ٹینس کھیلا۔ جبکہ دوسرے سنگلز میں پاکستان کے نمبر ایک عقیل خان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد گناوان تریسمونتارا کو 7-5، 6-4 سے شکست دی۔
گناوان نے پہلے سیٹ میں 5-4 کی برتری حاصل کی لیکن عقیل نے بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے اگلے تین گیمز اور سیٹ 7-5 سے جیت لیا۔ عقیل نے دوسرے سیٹ کے آغاز میں ہی اپنے حریف کو شکست دے کر بقیہ سیٹ پر کنٹرول برقرار رکھا اور 6-4 سے فتح حاصل کی اور پاکستان کو دوسرے دن تک 2-0 کی برتری دلا دی۔
ٹینس کے شوقین افراد اور انڈونیشیا کے حامیوں کی ایک بڑی تعداد نے میچ دیکھا۔ پی ٹی ایف کے صدر سلیم سیف اللہ خان نے پاکستانی ٹیم کو آج کی دو کامیابیوں پر مبارکباد دی اور کل کے میچز کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ پاکستان کی ٹیم جیت کا تسلسل جاری رکھے گی۔
بشکریہ: اے پی پی