ٹیکس چوری اور معاونت کرنے والوں کو کیفر کردار تک پہنچا کر رہیں گے، وزیر اعظم شہباز شریف

ٹیکس چوری اور معاونت کرنے والوں کو کیفر کردار تک پہنچا کر رہیں گے، وزیر اعظم شہباز شریف

اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ٹیکس نادہندگان کے خلاف کارروائیوں میں تیزی لانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹیکس چوری کرنے والوں اور ان کی معاونت کرنے والوں کو کیفر کردار تک پہنچا کر رہیں گے، عوامی ریلیف کو ہر دوسرے اقدام پر ترجیح دی جائے۔

پیر کو وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت معیشت کی صورتحال پر جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس میں وزارت خزانہ نے آئی ایم ایف کے وفد سے ہونے والی ملاقاتوں پر بریفنگ دی۔وزیراعظم نے کہا کہ ملک معاشی استحکام کی جانب گامزن ہے،معیشت کی ترقی کیلئے اقدامات کی بدولت سٹاک مارکیٹ میں تیزی کا رجحان ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ بیرونی سرمایہ کار حکومتی پالیسیوں پر اعتماد کا اظہار کر رہے ہیں،عوامی ریلیف کو ہر دوسرے اقدام پر ترجیح دی جائے،عوام سے کئے گئے وعدوں کو پورا کرنے کیلئے ہرممکن اقدام کر رہے ہیں۔وزیر اعظم نے کہا کہ مہنگائی کی شرح 38 فیصد سے کم ہو کر 7 فیصد پر آگئی،شرح سود 22 فیصد سے کم ہو کر 15 فیصد پر آگئی،شرح سود میں کمی سے ملک میں کاروباری سرگرمیوں میں اضافہ اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ ملکی برآمدات میں اضافہ اور ریکارڈ ترسیلات زر کی بدولت ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہوا،زرعی شعبے میں اصلاحات کے حوالے سے وزیر اعلی پنجاب اور پنجاب حکومت کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ وزیر اعظم نے واضح ہدایت کی کہ ٹیکس نادہندگان کے خلاف کارروائیوں میں تیزی لائی جائے،ٹیکس چوری کرنے والوں اور ان کی معاونت کرنے والوں کو کیفر کردار تک پہنچا کر رہیں گے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ ملکی معیشت کی ترقی تب ہی ممکن ہے جب سب اپنے حصے کی ذمہ داری پوری کریں،تمام شعبہ جات کو ٹیکس ادا کرکے ملکی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔اجلاس کو معیشت کے اشاریوں، مہنگائی کی موجودہ صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔

اجلاس کو ٹیکس چوری اور ان کی معاونت کرنے والوں اور ان کے خلاف کارروائی سے بھی آگاہ کیا گیا۔اجلاس میں وفاقی وزرا محمد اورنگزیب، احد خان چیمہ، عطاء اللہ تارڑ، ڈاکٹر مصدق ملک، وزیر مملکت علی پرویز ملک، وزیر اعظم کے کوآرڈینیٹر رانا احسان افضل اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی۔

 

بشکریہ: اے پی پی

ٹیکس نادہندگانوزیراعظم محمد شہباز شریف
Comments (0)
Add Comment