نیوزی لینڈ کی چوتھے ٹی 20 میچ میں بھی پاکستان کو 7 وکٹوں سے شکست، پاکستان پر وائٹ واش کے بادل منڈلانے لگے
نیوزی لینڈ نے چوتھے ٹی 20 میچ میں بھی پاکستان کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی جس کے باعث پاکستان پر وائٹ واش کے بادل منڈلانے لگے، قومی ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے 5 وکٹوں کے نقصان پر 158 رنز بنائے تھے، محمد رضوان 90 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر ٹاپ اسکورر رہے، نیوزی لینڈ نے تین وکٹوں کے نقصان پر 18.1اوورز میں ہدف پورا کر کے کامیابی حاصل کرلی،ڈیرل مچل نے 72 اور گلین فلپس 70 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر ناٹ آؤٹ رہے۔
تفصیلات کے مطابق جمعہ کو 5 میچز کی ٹی 20 سیریز میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔پاکستان کی جانب سے اووپنر صائم ایوب ایک بار پھر ناکام رہے، دوسرے اوور کی آخری گیند پر میٹ ہنری کی گیند پر ڈیرل مچل کو کیچ دے بیٹھے اور صرف ایک رن بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
پاکستان کی دوسری وکٹ 56 رنز کے مجموعے پر گری، بابر اعظم اس بار نصف سنچری بنانے میں ناکام رہے اور 19 رنز بنا کر ایڈم ملن کی گیند پر گیلن فلپس کو کیچ دے بیٹھے۔فخر زمان 9 رنز بنا کر لوکی فرگوسن کی گیند پر مارک چیپ مین کو کیچ دے کر آؤٹ ہوئے جبکہ اعظم خان کی جگہ آنے والے بلے باز صاحبزادہ فرحان بھی صرف ایک رن بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے۔پاکستان کی چھٹی وکٹ 126 رنز کے مجموعے پر گری، افتخار احمد 10 رنز بنا کر ٹم ساؤتھی کو کیچ دے بیٹھے۔
اس دوران محمد رضوان نے 63 گیندوں پر 2 چھکے اور 6 چوکوں کی مدد سے 90 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، رضوان کے ساتھ محمد نواز 21 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔میٹ ہنری اور لوکی فرگوسن نے دو، دو وکٹیں جبکہ ایڈم ملن نے ایک وکٹ حاصل کی۔159 رنز کے ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کی پہلی وکٹ 8 رنز پر گری تھی، فن ایلن شاہین آفریدی کی گیند پر صائم ایوب کو کیچ دے کر آؤٹ ہوئے۔دوسری وکٹ 10 رنز کے مجموعے پر گری، ٹم سیفرٹ بغیر کوئی رن بنائے شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔
ول ینگ بھی شاہین شاہ آفریدی کا شکار بنے اور 4 رنز بنا کر محمد نواز کو کیچ دے بیٹھے۔تین وکٹیں گرنے کے بعد ڈیرل مچل نے 72 اور گلین فلپس 70 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر ناٹ آؤٹ رہے۔شاہین شاہ آفریدی نے تین وکٹیں حاصل کیں۔پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان چوتھا ٹی 20 میچ میں قومی ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے،
اعظم خان کی جگہ صاحبزادہ فرحان کو ٹیم میں شامل کیا گیا۔5 میچز کی ٹی 20 سیریز میں شکست کے بعد پاکستان ٹیم کلین سوئپ سے بچنے کا مشن لے کر کرائسٹ چرچ کے میدان میں نیوزی لینڈ کے مدمقابل ہے،اس سے پہلے کھیلے گئے تینوں میچز میں نیوزی لینڈ پاکستان کو شکست دے کر سیریز میں 0-3 سے کامیابی حاصل کرچکا ہے۔
یاد رہے کہ 17 جنوری کو کھیلے گئے تیسرے ٹی 20 میچ میں نیوزی لینڈ کے خلاف پاکستان کو مسلسل تیسری شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا، نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 45 رنز سے باآسانی شکست دے دی تھی۔
قبل ازیں پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 46 رنز سے شکست دی جبکہ دوسرے ٹی 20 میچ میں نیوزی لینڈ نے 21 رنز سے فتح حاصل کی تھی۔