سیکیورٹی فورسز ملک میں امن اور سلامتی کے دشمنوں کو نہیں چھوڑیں گی، آرمی چیف
آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاک فوج دہشت گردی کے نیٹ ورک کے خاتمے کے لئے عزم ہے ۔
پاک فوج کے شعبئہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے 19 نومبر کی اپیکس کمیٹی اجلاس کے فالو اپ میں پشاور کا دورہ کیا جہاں انہیں موجودہ سیکیورٹی صورتحال پر بریفنگ دی گئی ۔
آرمی چیف کو خطے میں جاری انسدادِ دہشتگردی آپریشنز کی پیشرفت پر جامع بریفنگ دی گئی، اس موقع پر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا بھی موجود تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے شہداء اور غازیوں کو خراج عقیدت پیش کیا اور خطرات کا مقابلہ کرنے کے لئے فوجیوں کے بلند حوصلے ، آپریشنل تیاری اور غیر متزلزل عزم کو سراہا،
آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا کہ یہ قربانیاں قومی عزم کی بنیاد ہیں، یہ قربانیاں مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے غیر متزلزل جذبے اور لگن کو تحریک دیتی ہیں۔
آرمی چیف کاکہنا تھا کہ دہشت گرد عناصر اور ان کے ناپاک ارادوں کو کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا ، سکیورٹی فورسز ملک میں امن اور سلامتی کے دشمنوں کو نہیں چھوڑیں گی۔
جنرل سید عاصم منیر نے دہشتگرد نیٹ ورکس کو ختم کرنے کے عزم کو دہرایا اور قومی سلامتی کو نقصان پہنچانے والے غیر قانونی عناصر کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے عزم کا اعادہ کیا ۔