بارشوں سے خیبر پختونخوا اور کشمیر میں ہلاکتوں کی تعداد 66 تک جا پہنچی

بارشوں سے خیبر پختونخوا اور کشمیر میں ہلاکتوں کی تعداد 66 تک جا پہنچی

حالیہ بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث خیبر پختونخوا میں کم سے کم 46 جبکہ پاکستان کے زیرانتظام کشمیر میں 20 افراد جان سے گئے۔

سنیچر کو خیبر پختونخوا کے قدرتی آفات سے نمٹنے کے ادارے (پی ڈی ایم اے) نے صوبے میں جانی و مالی نقصان سے متعلق رپورٹ میں کہا ہے کہ ہلاک افراد میں 25 بچے، 12 مرد اور 9 خواتین جبکہ زخمیوں میں 11 خواتین، 33 مرد اور 16 بچے شامل ہے۔ زخمیوں کی مجموعی تعداد 60 ہے۔

مختلف اضلاع میں دیواریں اور چھتیں گرنے سے مجموعی طور 2875 مکانات کو نقصان پہنچا جس میں 436 گھروں کو مکمل جبکہ 2439 گھروں کو جزوی نقصان پہنچا۔

تیز بارشوں کے باعث جانی و مالی نقصان صوبہ کے مختلف اضلاع خیبر، دیر اپر و لوئر، چترال اپر و لوئر، سوات، باجوڑ، شانگلہ، مانسہرہ، مھمند، مالاکنڈ، کرک، ٹانک، مردان، پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، بونیر، ہنگو، بٹگرام، بنوں، شمالی و جنوبی وزیرستان، کوہاٹ، ڈی آئی خان اور اورکزئی میں رپورٹ ہوا۔

پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ بارشوں کا سلسلہ 21 اپریل تک وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے۔

سٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کشمیر (ایس ڈی ایم اے) بھی نے بارشوں سے نقصانات کی تفصیل جاری کر دی۔

پاکستان کے زیرانتظام کشمیر میں لینڈ سلائیڈنگ، ندی نالوں میں طغیانی و دیگر حادثات میں مجموعی طور پر 20  افراد ہلاک اور 34 زخمی ہوئے۔

ہلاک ہونے والوں میں 13 مرد، پانچ خواتین اور دو بچے شامل ہیں۔

ایس ڈی ایم اے نے کہا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید بارش کا امکان ہے اور ندی نالوں اور دریاؤں میں پانی کی سطح بھی مزید بلند ہو گی۔

خیبر پختونخوا -کشمیر-بارشیںموسمیاتی تبدیلی
Comments (0)
Add Comment