اسلامی دنیا کے ساتھ تعاون کا فروغ روسی خارجہ پالیسی ڈاکٹرائن کی اہم ترجیحی ہے ۔ ایوان نیکایوف
روس اور اسلامی دنیا کے درمیان میڈیا کے شعبے کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت ہے روس اور اسلامی دنیا مکے درمیان تعلقات تاریخی لحاظ سے اعلیٰ درجے کے اعتماد اور تعاون سے عبارت ہیں ،ان خیالات کا اظہار ماسکو میں "روس اور اسلامی دنیا،میڈیا کے شعبے میں تعاون کے عملی اقدامات” کے موضوع پر منعقدہ کانفرنس سے خطاب میں دنیا سے تعلق رکھنے والے مختلف مقررین نے کیا ۔
اے پی پی کے خبر کے مطابق رشیا۔ اسلامک ورلڈ اور سپتنک انٹرنیشنل نیوز ایجنسی نے کیا تھا۔ بین الاقوامی کانفرنس میں روسی فیڈریشن کے حکام، اسلامی تعاون تنظیم، علاقائی اور بین الاقوامی اداروں کے نمائندوں اور مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے میڈیا ماہرین نے شرکت کی۔
تاتارستان کے صدر اور گروپ آف سٹریٹجک وژن ’’ رشیا ۔اسلامک ورلڈ ‘‘ کے چیئرمین رستم منی خانوف نے کانفرنس سے اپنے وڈیو خطاب میں کہا کہ روس اور اسلامی دنیا کے درمیان تعلقات تاریخی لحاظ سےاعلیٰ درجے کے اعتماد اور تعاون سے عبارت ہیں۔ جھوٹی خبریں پھیلانے کا مقابلہ کرنے کے لئے باہمی تعامل کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مسلم ممالک کے ساتھ ذرائع ابلاغ عامہ کے ذریعے تعاون روس کی بین الاقوامی پالیسی کا بنیادی پہلو ہے۔فیڈریشن کونسل کمیٹی آن انٹرنیشنل افیئرز کے چیئرمین گریگوری کاراسین نے اس موقع پر اپنے خطاب میں اس بات کو اجاگر کیا کہ روس مختلف قومیتوں اور مذاہب کے ماننے والوں کا ملک ہے اوراس کے شہری روایتی طور پر اسلامی ممالک کے ساتھ تعلقات مضبوط بنانے کے حامی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس کانفرنس کے انعقاد کا مقصد یونین آف او آئی سی نیوز ایجنسیز اور روسی ذرائع ابلاغ کے بڑے اداروں کے درمیان براہ راست تعاون کے قیام کے طریقوں پر تبادلہ خیال کرنا ہے تاکہ روس اور مسلم ممالک کے درمیان مساوی بنیادوں پر تعاون کوفروغ اور شہریوں کو سچی اور حقیقت پر مبنی اور تعصب سے پاک اطلاعات تک رسائی کے مساوی مواقع فراہم کئے جا سکیں۔او آئی سی کے لئے روسی فیڈریشن کے مستقل مندوب رمضان عبدالطیفوف نے اس موقع پر اوآئی سی کے سیکرٹری جنرل اور روس کے لئے ان کے نائب کے ساتھ اپنی ملاقاتوں کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ ان ملاقاتوں میں دونوں فریقین کے درمیان تعامل کے لئے رہنما خطوط مرتب کئے گئے۔
انہوں نے کہا کہ اب ہم نے روس او آئی سی تعاون کے اہم پہلو کے لئے معلومات پر مبنی مدد و حمایت فراہم کرنی ہے۔ یونین آف او آئی سی نیوز ایجنسیز کے قائم مقام ڈائریکٹر جنرل محمد عبدالربو الیامی نے کانفرنس سے اپنے وڈیو خطاب میں روس اور اسلامی ممالک کے درمیان طویل مدتی تعاون کو بڑھانے میں گروپ آف سٹریٹجن وژن کے نمایاں کردار کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ کانفرنس کے انعقاد کا مقصد اسلامی دنیا اورروس کے درمیان ذرائع ابلاغ کے شعبے میں تعاون کے لئے عملی اقدامات کی تلاش ہے ۔ انہوں نے کانفرنس میں شریک تمام مندوبین پر زور دیا کہ وہ بطور صحافتی ادارہ یونین آف او آئی سی نیوز ایجنسیز کی استعداد سے استفادہ کریں۔
یونین آف او آئی سی نیوز ایجنسیز کا غیر جانبدار انٹرنیشنل ٹریننگ سینٹر اپنے 57 رکن ممالک اور چار دیگر ممالک سے نمائندوں کا مرکز ہے اور یہ تین بین الاقوامی زبانون عربی، انگریزی اور فرانسیسی میں خبروں کا بین الاقوامی پلیٹ فارم ہے۔ انہوں نے کہا کہ یونین آف او آئی سی نیوز ایجنسیز اپنے قیام سے ہی اعتدال پسندی اور اسلامو فوبیا کی مختلف صورتوں کے اظہار کی مخالفت کے اصولوں پر کاربند ہے۔ متحدہ عرب امارات کے خبر رساں ادارے وام کے ڈائریکٹر جنرل محمد جلال الرئیسی نے کہا کہ روس اور مسلم دنیا قدیم اور تاریخی رشتوں سے منسلک ہیں اور متحدہ عرب امارات کو روس کےساتھ اپنے طویل تاریخی تعلقات پر فخر ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے باہمی اتحاد اور مل کر کام کرنے کی بہت سی وجوہات ہیں۔ ہمارا مقصد دنیا میں وقوع پذیر ہونےوالے واقعات بارے درست اور حقائق پر مبنی معلومات کی فراہمی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بھائی چارے اور تحمل جیسی اقدار کے فروغ کی غرض سے مل کر کام کرنے کے لئے ایک فریم ورک کی تشکیل ضروری ہے۔ او آئی سی کے میڈیا اینڈ کمیونیکیشن ڈیپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر وجدی سندی نے اپنے خطاب میں میڈیا کے شعبے اور روس کے ممتاز صحافتی اداروں کے درمیان سٹریٹجک شراکت داری کے قیام کی اہمیت پر زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ اوآئی سی میڈیا کے شعبہ میں تعاون اور یکجہتی کومضبوط بنانے کی حوصلہ افزائی کرتی ہے۔ روسی وزارت خارجہ کے پریس سینٹر کے سربراہ اور ڈیپارٹمنٹ آف انفارمیشن اینڈ پریس کے ڈپٹی ڈائریکٹر ایوان نیکایوف نے اپنے خطاب میں مسلم ممالک کے صحافیوں کے ساتھ اپنی وزارت کے تعامل کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ روس مختلف قومیتوں اور مختلف مذاہب کے ماننے والوں کا ملک ہے اور مختلف ثقافتوں سے تعلق رکھنے والوں کے درمیان اہم آہنگی کا بھرپور اور تاریخی تجربہ رکھتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اسلامی دنیا کے ساتھ تعاون کا فروغ روسی خارجہ پالیسی ڈاکٹرائن کی اہم ترجیحی ہے ۔اس موقع پر یونین آف او آئی نیوز ایجنیسز اور انٹرنیشنل وڈیو ایجنسی (رپٹلی) جو ویژوئل نیوز کانٹینٹ کی فراہمی میں خصوصی مقام رکھتی ہے کے درمیان مفاہمتی یاداشت پر دستخط کئے گئے۔
سورس : اے پی پی