ڈیرہ بگٹی میں دہشت گردوں کا بڑا حملہ ناکام، 13 دہشت گرد ہلاک
دہشت گردوں کی فائرنگ سے امن فورس کا ایک جوان شہید، 3 زخمی، زخمیوں کو علاج کیلئے کراچی منتقل کردیا گیا
کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع ڈیرہ بگٹی میں چیئرمین ضلع کونسل وڈیرہ غلام نبی شمبھانی کے گھر پر دہشت گردوں کے حملے کو بگٹی امن فورس نے ناکام بنا دیا، جوابی کارروائی میں 13 دہشت گرد مارے گئے جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں امن فورس کا ایک جوان شہید اور 3 زخمی ہوگئے۔
قبائلی ذرائع کے مطابق دہشت گردوں نے وزیراعلیٰ بلوچستان کے آبائی ضلع نارتھ ڈیرہ بگٹی کے علاقے بیکڑ میں چیئرمین ضلع کونسل ڈیرہ بگٹی وڈیرہ غلام نبی شمبھانی کی رہائش گاہ کو نشانہ بنایا۔ حملے کے بعد بگٹی امن فورس کے جوانوں نے وڈیرہ ہدایت شمبھانی کی نگرانی میں دہشت گردوں کا بھرپور مقابلہ کیا۔
ذرائع کے مطابق شہید فضل خان سب ڈویژن میں گزشتہ شب شروع ہونے والا فائرنگ کا تبادلہ رات بھر جاری رہا۔ امن فورس نے دہشت گردوں کی جانب سے جائے وقوعہ سے فرار ہونے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے ان کا تعاقب کیا اور مختلف مقامات پر کارروائی کے دوران 13 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
قبائلی ذرائع کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کی فائرنگ سے بگٹی امن فورس کا ایک جوان شہید جبکہ 3 جوان زخمی ہوئے، جنہیں طبی امداد کے لیے کراچی منتقل کردیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق بگٹی امن فورس کی بروقت کارروائی کے نتیجے میں دہشت گردوں کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا گیا۔ فورس کے جوانوں نے حملہ آوروں کا نہ صرف فوری طور پر مقابلہ کیا بلکہ ان کی پسپائی اور فرار کی کوشش بھی ناکام بنائی۔
قبائلی ذرائع نے کہا کہ واقعے کے بعد علاقے میں سیکیورٹی مزید سخت کردی گئی ہے جبکہ دہشت گردوں کے ممکنہ سہولت کاروں اور فرار ہونے والے عناصر کی تلاش بھی جاری ہے۔
حکام کے مطابق دہشت گردی کے خلاف کارروائیوں میں مقامی آبادی اور قبائلی امن فورسز کا تعاون سیکیورٹی اداروں کے لیے اہم ثابت ہو رہا ہے۔
