Newspulse - نیوز پلس
پاکستان، سیاست، کھیل، بزنس، تفریح، تعلیم، صحت، طرز زندگی ... کے بارے میں تازہ ترین خبریں

ہم اس نظام کو گرانے آرہے ہیں اور پوری قوت سے اسلام آباد کی طرف بڑھیں گے ، شفیع جان کا حکومت کو پیغام

ہم اس نظام کو گرانے آرہے ہیں اور پوری قوت  سے اسلام آباد کی طرف بڑھیں گے ، شفیع جان کا حکومت کو پیغام

رانا ثنا اللہ کے موبائل کا فرانزک کرایا جائے، کالعدم تنظیموں سے رابطوں کا پتا چل جائے گا،  وزیر اطلاعات خیبرپختونخوا

پشاور: خیبرپختونخوا کے وزیر اطلاعات شفیع جان نے وزیراعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ کے موبائل فون کا فرانزک کرانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ فرانزک سے کالعدم تنظیموں کے ساتھ مبینہ رابطوں کا پتا چل سکتا ہے۔

شفیع جان نے کہا کہ 9 مئی کے واقعات تحریک انصاف نے نہیں کیے اور نہ ہی پارٹی 9 مئی جیسے کسی اقدام کا سوچ سکتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جس نے بھی 9 مئی کے واقعات کیے ہیں، اس کے خلاف ٹھوس شواہد سامنے لائے جائیں اور قانون کے مطابق سزا دی جائے۔

صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ تحریک انصاف پرامن طریقے سے خیبرپختونخوا سے اسلام آباد کی جانب بڑھے گی۔ ان کے مطابق دیگر شہروں کے لوگ اسلام آباد آنے کے بجائے اپنے اپنے شہروں کو بند کریں گے، جبکہ خیبرپختونخوا سے متصل شہروں کے لوگ اسلام آباد پہنچیں گے۔

شفیع جان نے دعویٰ کیا کہ پنجاب میں پارٹی قیادت میں سے کسی نے بھی لانگ مارچ سے دستبردار ہونے یا اسے روکنے کی ہدایت نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف موجودہ نظام کو گرانے کے لیے پوری طاقت کے ساتھ میدان میں آئے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ ’’لوگوں کے ہجوم سے ہمیں اٹھانا کوئی خالہ جی کا گھر نہیں‘‘۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر کارکنوں اور رہنماؤں کی گرفتاری کے وارنٹ جاری کیے جا رہے ہیں تو تحریک انصاف نے بھی اپنی حکمت عملی تیار کر رکھی ہے۔

شفیع جان کے مطابق اگر انہیں یا پارٹی کے دیگر رہنماؤں کو گرفتار کیا جاتا ہے تو اس حوالے سے ویڈیوز پہلے ہی ریکارڈ کی جا چکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کو بھی اس وقت تک گرفتار نہیں کیا جا سکتا جب تک انہیں نااہل قرار نہ دیا جائے۔

صوبائی وزیر اطلاعات نے دعویٰ کیا کہ سہیل آفریدی خیبرپختونخوا کے تقریباً 4 کروڑ عوام کے نمائندے ہیں اور ’’فارم 45 کے واحد وزیراعلیٰ‘‘ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سہیل آفریدی یا دیگر رہنماؤں کو گرفتار کیا گیا تو اس کے ردعمل کے لیے بھی حکمت عملی تیار ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے 27 ستمبر کو اسلام آباد کی جانب احتجاج اور مارچ کی کال دے رکھی ہے۔

اسی سلسلے میں پی ٹی آئی رہنماؤں نے بیرسٹر گوہر خان کی قیادت میں جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کی اور انہیں احتجاج میں شرکت کی دعوت بھی دی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

Security Question:13 + 2 = ?

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More