صدر مملکت نے قازقستان کے صدر کو نشان پاکستان سے نواز دیا
ایوان صدر میں قازقساتن کے صدر قاسم جومارت توکایووف کے اعزاز میں تقریب منعقد ہوئی
صدر مملکت آصف علی زرداری نے پاکستان کے دورے پر موجود قازقستان کے صدر قاسم جومارت توکایووف کو اعلیٰ سول اعزاز نشانِ پاکستان سے نواز دیا۔
ایوانِ صدر میں قازقستان کے صدر کی آمد پر صدر آصف علی زرداری نے ان کا پرتپاک استقبال کیا، جس کے بعد ان کے اعزاز میں ایک خصوصی تقریب منعقد ہوئی۔ اس موقع پر صدر مملکت نے صدر توکایووف کو نشانِ پاکستان عطا کیا، جبکہ وزیر اعظم شہباز شریف بھی تقریب میں موجود تھے۔

اس سے قبل دونوں صدور کے درمیان ملاقات ہوئی، جس میں دوطرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال اور اہم بین الاقوامی امور پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
ملاقات کے دوران صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان پائیدار ترقی کے مشترکہ اہداف کے حصول کے لیے قازقستان کے ساتھ قریبی تعاون کا خواہاں ہے۔ انہوں نے سیاسی، اقتصادی اور علاقائی شعبوں میں تعاون بڑھانے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔
صدر مملکت کا کہنا تھا کہ پاکستان اور قازقستان کے تعلقات باہمی اعتماد، مشترکہ اقدار اور علاقائی خوشحالی کے وژن پر قائم ہیں۔ انہوں نے اس بات کی نشاندہی کی کہ حالیہ برسوں میں دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارت میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔
صدر آصف علی زرداری نے علاقائی روابط کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ امن، مذاکرات اور بین الاقوامی قوانین کا احترام پاکستان کی خارجہ پالیسی کا اہم حصہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جنوبی ایشیا اور وسیع تر خطے میں استحکام کے لیے مشترکہ کوششیں ناگزیر ہیں اور علاقائی چیلنجز کا حل تعاون میں پوشیدہ ہے، نہ کہ محاذ آرائی میں۔
اس موقع پر قازقستان کے صدر قاسم جومارت توکایووف نے کہا کہ قازقستان پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔ انہوں نے اقتصادی تعاون کے فروغ اور خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
دونوں رہنماؤں نے باہمی تعاون کو فروغ دینے، علاقائی روابط کو مستحکم کرنے اور مشترکہ اہداف کے حصول کے لیے رابطے جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
