Newspulse - نیوز پلس
پاکستان، سیاست، کھیل، بزنس، تفریح، تعلیم، صحت، طرز زندگی ... کے بارے میں تازہ ترین خبریں

پاکستان میں ہر شہری کو اپنے مذہب پر عمل کرنے کی مکمل آزادی حاصل ہے، وزیراعظم

پاکستان میں ہر شہری کو اپنے مذہب پر عمل کرنے کی مکمل آزادی حاصل ہے، وزیراعظم

حضرت عیسیٰ علیہ السلام پوری انسانیت کے لیے محبت، رواداری، برداشت اور خدمتِ خلق کا پیغام لے کر آئے، کرسمس تقریب سے خطاب

اسلام آباد:  وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان میں ہر شہری کو اپنے مذہب پر عمل کی اجازت ہے، کسی کو من مانی کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان کی مسیحی برادری کے ساتھ کرسمس کی خوشیاں مناتے ہوئے وزیراعظم ہاؤس میں منعقدہ خصوصی تقریب میں شرکت کی۔ تقریب میں مسیحی برادری کے رہنماؤں، وفاقی وزراء، ارکانِ پارلیمنٹ، غیر ملکی سفارتکاروں اور مختلف اقلیتی برادریوں کے نمائندوں نے شرکت کی۔

وزیراعظم نے تقریب کے دوران کرسمس کا کیک کاٹا اور مسیحی برادری کو کرسمس کی دلی مبارکباد پیش کی۔ اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ حضرت عیسیٰ علیہ السلام پوری انسانیت کے لیے محبت، رواداری، برداشت اور خدمتِ خلق کا پیغام لے کر آئے، اور آج کے دور میں دنیا کو اس پیغام کی پہلے سے کہیں زیادہ ضرورت ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کی مسیحی برادری نے تعلیم، صحت، دفاع اور دیگر اہم شعبوں میں گراں قدر خدمات انجام دی ہیں جو قابلِ تحسین ہیں۔ انہوں نے پاکستان کی مسلح افواج میں خدمات انجام دینے والے مسیحی افسران اور جوانوں کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وطنِ عزیز کے دفاع میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے مسیحی بھائیوں کی قربانیاں قوم ہمیشہ یاد رکھے گی۔

وزیراعظم نے واضح کیا کہ پاکستان میں ہر شہری کو اپنے مذہب پر عمل کرنے کی مکمل آزادی حاصل ہے، چاہے اس کا تعلق مسجد، مندر، چرچ یا گوردوارے سے ہو۔ انہوں نے کہا کہ مذہبی آزادی آئینِ پاکستان کا بنیادی جزو ہے اور حکومت اس کے مکمل نفاذ کی پابند ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کسی بھی اقلیتی شہری کے ساتھ ناانصافی یا زیادتی کی صورت میں قانون پوری قوت کے ساتھ حرکت میں آئے گا اور کسی کو مذہب کے نام پر قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ وزیراعظم نے زور دیا کہ اسلام مساوات، عدل و انصاف اور انسانی احترام کا درس دیتا ہے، اور نبی کریم ﷺ کی تعلیمات بھی انہی اعلیٰ انسانی اقدار پر مبنی ہیں۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ، ترقی اور خوشحالی کے لیے ہر ممکن اقدامات کرتی رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تمام شہریوں کا مشترکہ وطن ہے جہاں سب کو برابر کے حقوق حاصل ہیں۔ اس موقع پر انہوں نے سابق وزیراعظم محمد نواز شریف کے دور میں اقلیتوں کے حقوق کے فروغ کے لیے کیے گئے اقدامات کو بھی سراہا۔

 وزیراعظم شہباز شریف نے مزید کہا کہ مئی میں افواج پاکستان نے فیلڈ مارشل کی قیادت میں دشمن کے چھکے چھڑا دیئے، ایئر مارشل کی قیادت میں پاک فضائیہ نے بھارت کے 7 جہاز گرائے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More