جنوبی افریقا نےپاکستان کو 8 وکٹوں سے شکست دے دی
فیصل آباد: جنوبی افریقا نے ایک روزہ سیریز کے دوسرے میچ میں پاکستان کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز 1-1 سے برابر کر دی۔
اقبال اسٹیڈیم فیصل آباد میں کھیلے گئے میچ میں جنوبی افریقا نے 270 رنز کا ہدف محض 2 وکٹوں کے نقصان پر 41ویں اوور میں بآسانی حاصل کر لیا۔
پروٹیز کی جانب سے وکٹ کیپر بیٹر کوانٹن ڈی کاک نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 123 رنز ناٹ آؤٹ بنائے، جب کہ ٹونی ڈی زورزی نے 76 اور لوان-ڈرے پریٹوریس نے 46 رنز کی اننگز کھیلی۔ کپتان میتھیو برٹزکے 17 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
پاکستان کی جانب سے محمد وسیم جونیئر اور فہیم اشرف نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 269 رنز بنائے۔
گرین شرٹس کی جانب سے سلمان آغا 69، محمد نواز 59 اور صائم ایوب 53 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ دیگر بیٹرز میں فہیم اشرف 28، بابر اعظم 11، حسن طلعت 10، محمد رضوان 4، شاہین شاہ آفریدی 1 اور فخر زمان بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔
اختتامی لمحات میں محمد وسیم جونیئر 12 اور نسیم شاہ 6 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
جنوبی افریقا کی جانب سے ناندرے برجر نے 4، نقابیومزی پیٹر نے 3 اور کوربن بوش نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
