Newspulse - نیوز پلس
پاکستان، سیاست، کھیل، بزنس، تفریح، تعلیم، صحت، طرز زندگی ... کے بارے میں تازہ ترین خبریں

قطر کو مسلم ممالک کی اسرائیل کے خلاف جوابی اقدامات کے لئے مکمل تعاون کی یقین دہانی

قطر کو مسلم ممالک کی اسرائیل کے خلاف جوابی اقدامات کے لئے مکمل تعاون کی یقین دہانی

دوحہ میں اسلامی ممالک کے سربراہی اجلاس کا اعلامیہ جاری ، اعلامیے میں اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت، قطر سے یکجہتی کا اظہار، قطر پر اسرائیلی حملے کے خلاف مسلم دنیا متحد ہو گئی ۔ مسلم ممالک کی اسرائیل کے خلاف جوابی اقدامات کے لئے قطر کو مکمل تعاون کی یقین دہانی

دوحہ: قطر کے دارالحکومت دوحہ میں منعقدہ اسلامی ممالک کے سربراہی اجلاس کا متفقہ اعلامیہ جاری کردیا گیا، جس میں اسرائیل کی جانب سے قطر پر حالیہ حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے بین الاقوامی امن و استحکام کے لیے خطرہ قرار دیا گیا ہے۔

عالمی خبر رساں اداروں کے مطابق، اجلاس میں شریک تمام اسلامی ممالک کے سربراہان نے اپنے مشترکہ اعلامیے میں واضح اور سخت مؤقف اختیار کرتے ہوئے اسرائیلی جارحیت کو "بزدلانہ اور غیر قانونی” اقدام قرار دیا، جس کا مقصد نہ صرف قطر کی خودمختاری کو پامال کرنا ہے بلکہ خطے میں قیامِ امن کی ہر کوشش کو سبوتاژ کرنا بھی ہے۔

عرب اسلامی سربراہی کانفرنس

اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ ریاست قطر کے خلاف اسرائیل کی وحشیانہ کارروائی بین الاقوامی قوانین، انسانی اقدار اور سفارتی روایات کی کھلی خلاف ورزی ہے، جو کسی بھی طور قابلِ قبول نہیں۔ اسلامی دنیا نے قطر کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے اسرائیلی حملے کے خلاف ہر ممکن سفارتی و سیاسی حمایت جاری رکھنے کا اعلان کیا۔

مزید برآں، اعلامیہ میں قطر کی جانب سے حملے کے بعد اپنائے گئے بردبار، مہذب اور دانشمندانہ طرزِ عمل کو سراہتے ہوئے اسے عالمی سطح پر ثالثی کے کردار کے لیے ایک روشن مثال قرار دیا گیا۔ اعلامیہ میں اس امر پر زور دیا گیا کہ کسی بھی غیر جانبدار ثالثی مقام پر حملہ، امن قائم کرنے کی عالمی کوششوں کو شدید نقصان پہنچاتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: قطر پر اسرائیلی حملہ کھلی دہشت گردی ، حملہ خطے کی سلامتی اور استحکام کے لئے براہ راست خطرہ ہے ۔ ایرانی صدر 

اسلامی سربراہ اجلاس کے اعلامیہ میں اس عزم کا بھی اعادہ کیا گیا کہ غزہ میں جاری اسرائیلی جارحیت کے خاتمے کے لیے قطر، مصر اور امریکا کی ثالثی کوششوں کی مکمل حمایت جاری رکھی جائے گی۔

اس موقع پر اسرائیلی حکومت کی جانب سے قطر کو دوبارہ نشانہ بنانے کی دھمکیوں کو بھی سختی سے مسترد کرتے ہوئے واضح کیا گیا کہ عالمی برادری کو ان خطرناک عزائم کے خلاف متحد ہو کر مؤثر موقف اپنانا ہوگا۔

قبل ازیں، عرب ریاستوں کی کونسل کی جانب سے بھی قطر کے خلاف اسرائیلی جارحیت کے تناظر میں خطے میں اجتماعی سلامتی، اتحاد اور علاقائی خودمختاری کے تحفظ پر زور دیا گیا۔ کونسل نے ایک جامع قرارداد منظور کی جس میں مستقبل میں کسی بھی علاقائی بندوبست میں بین الاقوامی قانون، اقوامِ متحدہ کے چارٹر، ریاستی خودمختاری، اندرونی معاملات میں عدم مداخلت اور پرامن بقائے باہمی کو بنیادی اصول قرار دیا گیا۔

اعلامیہ کے اختتام پر اسلامی ممالک نے ایک بار پھر 1967 کی حدود کے مطابق فلسطینی ریاست کے قیام، اسرائیلی قبضے کے خاتمے اور پورے خطے کو جوہری ہتھیاروں سے پاک کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More