قطر کی قومی خودمختاری و سلامتی پر حملہ ناقابل قبول، عالمی برادری خاموش نہ رہے، دفتر خارجہ
اسرائیلی جارحیت بین الاقوامی قوانین، یو این چارٹر اور عالمی اصولوں کی سراسر خلاف ورزی قرار
اسلام آباد: اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ نے برادر اسلامی ملک قطر پر اسرائیلی حملے کو اشتعال انگیز، غیر ذمہ دارانہ اور قطر کی خودمختاری کی کھلی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ دفتر خارجہ کے ترجمان نے اپنے ایک سخت بیان میں کہا ہے کہ پاکستان قطر کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے اور اسرائیلی جارحیت کو بین الاقوامی قوانین اور سفارتی اقدار کی کھلی پامالی سمجھتا ہے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ "اسرائیل کا یہ حملہ نہ صرف قطر کی خودمختاری کے خلاف ہے بلکہ یہ پورے خطے کو غیر مستحکم کرنے کی ایک منظم پالیسی کا حصہ ہے۔ یہ اقدام بین الاقوامی امن و سلامتی کے حوالے سے اسرائیلی قیادت کی عدم سنجیدگی کو ظاہر کرتا ہے۔”
پاکستان نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اسرائیل کے اس غیرقانونی اور خطرناک اقدام پر خاموش تماشائی نہ بنے بلکہ اسرائیل کو اس کے اقدامات کا ذمہ دار ٹھہرایا جائے۔
دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان برادر ملک قطر کی علاقائی سالمیت اور خودمختاری کی مکمل حمایت کرتا ہے اور ہر ممکن سفارتی، سیاسی اور اخلاقی تعاون جاری رکھے گا۔ ترجمان نے مزید کہا، "پاکستان قطر کی عوام اور قیادت کے شانہ بشانہ کھڑا ہے اور مشکل کی اس گھڑی میں بھرپور حمایت فراہم کرے گا۔”
وزیراعظم شہباز شریف کی دوحہ پر اسرائیلی حملے کی شدید مذمت
قطر کی خودمختاری پر حملہ بلاجواز اور خطرناک اشتعال انگیزی ہے — وزیراعظم
وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف نے دوحہ میں اسرائیلی افواج کی جانب سے کی جانے والی بمباری اور حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے قطر کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔
وزیراعظم نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ‘ایکس’ پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ "میں پاکستان کے عوام، حکومت اور اپنی جانب سے دوحہ میں اسرائیلی افواج کے غیر قانونی اور بلاجواز حملے، رہائشی علاقوں کو نشانہ بنانے اور معصوم شہریوں کی زندگیاں خطرے میں ڈالنے کے اس افسوسناک واقعے کی شدید مذمت کرتا ہوں۔”
انہوں نے مزید کہا کہ "یہ حملہ نہ صرف قطر کی خودمختاری پر سنگین حملہ ہے بلکہ ایک خطرناک اشتعال انگیزی بھی ہے، جو خطے میں امن و استحکام کے لیے شدید خطرہ بن سکتی ہے۔”
وزیراعظم شہباز شریف نے امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی، قطری شاہی خاندان اور برادر قطری عوام کے ساتھ مکمل ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہر مشکل وقت میں اپنے برادر ملک کے ساتھ کھڑا ہے۔
