جے شاہ نے آئی سی سی چیئرمین کا باقاعدہ چارج سنبھال لیا
دبئی: بھارتی کرکٹ بورڈ کے سیکرٹری جے شاہ نے آئی سی سی چیئرمین کے عہدے کا باقاعدہ سنبھال لیا،
آئی سی سی کی جانب سے تصدیق کی گئی ہے کہ جے شاہ نے بطور چیئرمین آئی سی سی کام کا آغاز کر دیا ہے، چیئرمین آئی سی سی کی حیثیت سے جے شاہ کے عہدے کی مدت شروع ہو گئی ہے۔
اس حوالے سے جے شاہ کا کہنا ہے کہ آئی سی سی چیئرمین کا عہدہ سنبھالنے پر فخر محسوس کر رہا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ آئی سی سی ڈائریکٹرز اور رکن بورڈز کی حمایت اور اعتماد کا شکر گزار ہوں۔
جے شاہ کا کہنا ہے کہ یہ کھیل کے لیے پُرجوش لمحہ ہے، ہم اولمپک 2028ء گیمز کی تیاری کر رہے ہیں، ہم کرکٹ کو شائقین کے لیے مزید دلچسپ بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم ایک اہم موڑ پر ہیں جہاں مختلف فارمیٹس ایک ساتھ موجود ہیں خواتین کے کھیل کی ترقی کو تیز کرنے کی ضرورت ہے کرکٹ میں عالمی سطح پر بے پناہ صلاحیت موجود ہے ۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ کھیل کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے لیے آئی سی سی ٹیم اور رکن ممالک کے ساتھ قریبی کام کرنے کا منتظر ہوں۔
یاد رہے کہ جے شاہ بلا مقابلہ آئی سی سی کے چیئرمین منتخب ہوئے تھے ۔