پاکستان کا دوسرے ون ڈے میں آسٹریلیا کو 9 وکٹوں سے شکست
ایڈیلڈ: تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کے دوسرے میچ میں پاکستان نے آسٹریلیا کو 9 وکٹوں سے شکست دے دی۔
دوسرے ون ڈے میں ہدف کے تعاقب میں اننگز کے آغاز سے ہی پاکستان نے پراعتماد بلے بازی کی اور 26.3 اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 164 رنز کا ہدف حاصل کر لیا۔
دوسرے ون ڈے میچ میں پاکستان نے آسٹریلیا کو شکست دیکر سیریز 1-1 سے برابر کردی جبکہ قومی ٹیم ایڈیلیڈ کے تاریخی گراؤنڈ میں 28 سال بعد ون ڈے میچ بھی جیتنے میں کامیاب ہوئی ہے۔
پاکستان نے میچ میں اچھا آغاز کیا اور آسٹریلیا کی پہلی وکٹ 21 رنز پر حاصل کر لی جب جیک فریزر مکگرک کو 13 رنز پر شاہین آفریدی نے آؤٹ کیا۔
آسٹریلیا کی دوسری وکٹ 41 رنز پر گری، میتھیو شارٹ کو 19رنز پر شاہین آفریدی نے آؤٹ کیا۔
بعد ازاں میزبان ٹیم کے بیٹرز نے پارٹنر شپ قائم کرنے کی کوشش لیکن حارث رؤف نے اسے ناکام بنا دیا، انہوں نے جوش انگلس کو 18 رنز پر آؤٹ کر کے آسٹریلیا کی تیسری وکٹ حاصل کی۔
آسٹریلیا کی چوتھی وکٹ 87 رنز پر حارث رؤف نے حاصل کی انہوں نے مارنس لبوشین کو 6 رنز پر کیچ آؤٹ کرایا جبکہ فاسٹ باؤلر محمد حسنین نے 101 رنز پر پانچویں وکٹ حاصل کی اس مرتبہ اسٹیو اسمتھ کو 35 رنز پر واپس پویلین جانا پڑا۔
آسٹریلیا کی چھٹی وکٹ 121 اور ساتویں وکٹ 129 رنز پر حارث رؤف نے حاصل کی جبکہ آٹھویں وکٹ 130 رنز پر نسیم شاہ نے لی۔
پاکستان کے خلاف آسٹریلیا کی نویں وکٹ 146 رنز پر گری کپتان پیٹ کمنز کو حارث رؤف نے 13 رنز پر آؤٹ کیا۔ آسٹریلیا کی آخری وکٹ 163 رنز پر گری ایڈم زیمپا کو شاہین آفریدی نے 18 رنز پر آؤٹ کیا۔
ایڈیلیڈ میں کھیلے گئے میچ میں ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز عبداللہ شفیق اور صائم ایوب نے کیا، صائم ایوب 82 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے، ان کی باری میں 6 چھکے اور 5 چوکے شامل تھے۔
عبداللہ شفیق 64 رنز کی ناقابل شسکت اننگز کھیل کر ناٹ آؤٹ رہے ان کی باری میں 4 چوکے اور 3 چھکے شامل تھے جبکہ سابق کپتان بابر اعظم نے چھکا لگا کر ٹیم کو فتح سے ہمکنار کروایا اور وہ 15 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
آسٹریلیا کی جانب سے واحد وکٹ لیگ اسپنر ایڈم زیمپا نے حاصل کی کپتان پیٹ کمنز، مچل اسٹارک اور جوش پہزل ووڈ جیسے سیئنر فاسٹ باؤلر وکٹ حاصل کرنے میں مکمل ناکام رہے۔