پاکستان اور تاجکستان کے مابین دوستی اور تعاون کا پائیدار رشتہ ہے، وزیراعظم شہباز شریف
تاجک وزیرِ اعظم کوہر رسول زادہ نے شنگھائی تعاون تنظیم کی چیئر کی حیثیت سے پاکستان کی جانب سے اجلاس کے کامیاب انعقاد پر انہیں مبارکباد پیش کی
اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف سے تاجکستان کے وزیر اعظم کوہر رسول زادہ نے دوطرفہ ملاقات کی۔منگل کو وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری پریس ریلیز کے مطابق یہاں شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہانِ حکومت کے اجلاس کے موقع پر ہونے والی اس ملاقات میں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ایس سی او ،سی ایچ جی کے سالانہ اجلاس میں تاجکستان کی فعال اور تعمیری شرکت کو سراہتے ہوئے کہا کہ بطور برادر ممالک اور علاقائی شراکت دار، پاکستان اور تاجکستان کے مابین دوستی اور تعاون کا پائیدار رشتہ ہے۔
وزیر اعظم نے رواں برس جولائی میں دوشنبہ کے اپنے نتیجہ خیز دورے کا بھی ذکر کیا اور دو طرفہ باہمی تعلقات کی مثبت سمت کی جانب پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ دونوں ممالک کو مشترکہ مفاد کے تمام شعبوں بالخصوص تجارت، سرمایہ کاری، توانائی اور علاقائی روابط کے شعبوں میں قریبی اور باہمی فائدہ مند تعاون کو مستحکم کرنے کی ضرورت ہے۔
تاجک وزیرِ اعظم کوہر رسول زادہ نے شنگھائی تعاون تنظیم کی چیئر کی حیثیت سے پاکستان کی جانب سے اجلاس کے کامیاب انعقاد پر انہیں مبارکباد پیش کی۔انہوں نے تاجک وفد اور دیگر شریک وفود کے پرتپاک استقبال اور شاندار مہمان نوازی پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف کو تاجکستان کے صدر امام علی رحمن کی جانب سے نیک تمناؤں کا پیغام پہنچاتے ہوئے کو ہر رسول زادہ نے کہا کہ تاجکستان اور پاکستان کے مابین تعاون کی وسیع استعداد موجود ہے جس سے مستفید ہونے کیلئے تاجکستان، پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لئے پوری طرح پرعزم ہیں۔ تاجک وزیراعظم نے وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف اور حکومت پاکستان کا تاجکستان کو پاکستان سے چینی برآمد کرنے کی اجازت پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یہ دونوں ممالک کے مابین تجارت کو فروغ دے گا۔
بشکریہ: اے پی پی