پاکستان کی سلامتی اور اداروں پر وار ہماری ریڈلائن ہے، اسحاق ڈار
پاکستان کی سلامتی اور اداروں پر وار ہماری ریڈلائن ہے، پنجاب حکومت کے ریلیف کے اقدامات پر تنقید سمجھ سے بالاتر ہے، پیپلزپارٹی کے ساتھ کوئی ایسی چیز نہیں ہے جو حل طلب نہ ہو،نائب وزیر اعظم کی میڈیا سے گفتگو
لاہور: نائب وزیر اعظم اسحاق ڈارنے کہا ہے کہ پنجاب حکومت کے ریلیف کے اقدامات پر تنقید سمجھ سے بالاتر ہے، پیپلزپارٹی کے ساتھ کوئی ایسی چیز نہیں ہے جو حل طلب نہ ہو، پاکستان کی سلامتی اور اداروں پر وار ہماری ریڈلائن ہے، ریڈلائن کراس کریں گے تو پھرکوئی گنجائش نہیں رہے گی۔
ہفتہ کو لاہور میں حضرت علی بن عثمان ہجویری کے 981 ویں عرس کی تقریبات کے آغاز کے موقع پر نائب وزیر اعظم محمد اسحاق دار نے سبیل دودھ کا افتتاح کر دیا، میڈیا سے گفتگو میں اسحق ڈار نے کہا وفاق، چاروں صوبے، کشمیر اور گلگت بلتستان ایک گلدستہ کی مانند ہے۔
ن لیگ کے سینئر رہنما اسحاق ڈار نے کہاکہ پاکستان کلمے کی بنیاد پر بنا اور تاقیامت قائم رہے گا، اللہ کے فضل و کرم سے پاکستان ایٹمی قوت بنا، میاں نواز شریف نے پاکستان کو ایٹمی قوت بنایا۔ الحمداللہ آج ایک نئے منصوبے کا افتتاح ہوا ہے یہ مدینہ منورہ کے طرز پر مسجد سے لے کر غلام گردش تک آٹومیٹک چھتریوں کا منصوبہ بنایا گیا ہے جو کہ خود کھلتی ہیں، ہماری کوشش ہوگی کہ یہ اگلے عرس سے قبل تکمیل کو پہنچے۔
دعا کریں کہ پاکستان کی بہتری، معاشی ترقی، خوشحالی کے لیے، یہ ملک ایک گلدستہ ہے جو کہ کلمہ شریف کے نام پر بنا ہے، اسکی حفاظت بھی اللہ تعالی تاقیامت کریں گے، مسلم امہ کے 57 ممالک کی سربراہی کرنا اس ملک کی تقدیر ہے، اللہ تعالی نے اس ملک کو ان ہستیوں کی دعاں سے اور نبی ﷺ کے صدقے سے ایٹمی قوت بنایا، میاں محمد نواز شریف نے دسمبر 1998 میں اللہ کے فضل و کرم سے مثالی پروگرام کو ترتیب دیا، اس وقت میاں نواز شریف وزیر اعظم تھے، اور یہ خادم وزیر خزانہ تھا، آج پاکستان میزائیلی قوت بن چکا ہے، اور اب معاشی قوت بنانا ہے، اگر یہ کچھ سیاسی عدم استحکام نہ آتا ہے تو آج پاکستان معاشی قوت بن چکا ہوتا،
انہوں نے کہا کہ 24 ویں بڑی معیشت بن چکا تھا، 2013 سے 2017 تک یہ ملک تیزی سے ترقی کر رہا تھا، عالمی ادارے نے بھی پاکستان کو دنیا کی 20 بڑی معیشتوں میں شامل ہونے کی خبر دی تھی، آج مہنگائی کا طوفان ہے، بجلی قیمتیں آسمانوں پر ہیں، رونے دھونے سے اب فائدہ نہیں ہے، لیکن 4 سال کے عرصے میں وہ ملک 47 ویں معیشت بن کر گر گیا، لیکن وزیر اعظم کی قیادت اور میاں نواز شریف کی رہنمائی میں دن رات کوششیں ہو رہی ہیں کہ عوامی مسائل کو حل کیا جا سکے، معیشت کو ترقی دی جائے۔
اسحق ڈار کا کہنا تھا کہ گزشتہ سال مہنگائی کی شرح 35 فیصد تھی جو کہ اب 11 فیصد پر آ چکی ہے، اسی طرح اللہ کے فضل وکرم سے دہشتگردی کا خاتمہ دوبارہ ہوگا، میاں نواز شریف کے دور میں دہشتگردی کا خاتمہ ختم کیا، لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ میاں نواز شریف کے دور میں ہوا، ہم سب کی محنت سے پاکستان وہ مقام حاصل کرے گا، جس کا خواب علامہ اقبال اور قائداعظم نے دیکھا تھا۔ نائب وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت کے ریلیف کے اقدامات پر تنقید سمجھ سے بالاتر ہے، نائب وزیر اعظم نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے ساتھ کوئی ایسی چیز نہیں ہے جو حل طلب نہ ہو، پاکستان کی سلامتی اور اداروں پر وار ہماری ریڈلائن ہے، ریڈلائن کراس کریں گے تو پھرکوئی گنجائش نہیں رہے گی۔