پی ٹی آئی نے آئی ایم ایف کو خط لکھ دیا، بیل آوٹ پیکج میں سیاسی استحکام مدنظر رکھنے کی درخواست
پی ٹی آئی کا تاحال کوئی خط موصول نہیں ہوا، آئی ایم ایف
پاکستان تحریک انصاف نے عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف)کو خط لکھ دیا۔ عالمی مالیاتی فنڈز (آئی ایم ایف )نے پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے کوئی بھی خط تاحال موصول نہ ہونے کی تصدیق کردی۔
برطانوی خبررساں ادارے کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے دو رہنماوں نے عمران خان کی جانب سے آئی ایم ایف کو خط لکھنے کی تصدیق کی۔ پی ٹی آئی کے ذرائع نے عالمی خبررساں ادارے کو بتایا کہ خط میں ملک کے بالخصوص سیاسی مسائل کو اجاگر کیا گیا ہے۔
پی ٹی آئی نے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ کسی بھی مزید بیل آوٹ بات چیت میں ملک کے سیاسی استحکام کو اہمیت دے اور کردار ادا کرے۔ اس خط میں پی ٹی آئی نے انتخابات کا حوالہ دے کر اپنی پوزیشن بھی بیان کی ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کے ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ خط کے حوالے سے مزید تفصیلات جلد منظر عام پر لائی جائیں گی۔ادھر آئی ایم ایف نے پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے تاحال کوئی خط موصول نہ ہونے کی تصدیق کی ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں عمران خان نے آئی ایم ایف کو خط لکھے جانے کی تصدیق کی تھی اور اڈیالا جیل کے کمرہ عدالت میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا تھاکہ آئی ایم ایف کو خط لکھ دیا ہے، آج خط چلا گیا ہو گا۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر ایسے حالات میں ملک کو قرضہ ملا تو قرضے کو واپس کون کرے گا، اس قرض سے غربت بڑھے گی، جب تک سرمایہ کاری نہ ہو قرض بڑھتا چلا جائے گا۔
اس معاملے کی مسلم لیگ(ن) اور پیپلزپارٹی نے شدید مذمت کی تھی۔