پنجاب کے کھلاڑیوں کیلئے 2ارب روپے کی رقم سے سپورٹس انڈوومنٹ فنڈ قائم
سپورٹس بورڈ پنجاب کے زیر اہتمام سپورٹس انڈوومنٹ فنڈ کے حوالے سے مفاہمت کی یادداشت کی تقریب نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں منعقد ہوئی جس کے مہمان خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب کے مشیر برائے کھیل وہاب ریاض تھے،
سیکرٹری سپورٹس اینڈ یوتھ افیئرز پنجاب راجہ جہانگیر انور، ڈائریکٹرجنرل سپورٹس پنجاب ڈاکٹر آصف طفیل اور جنرل منیجر پنشن پنجاب محمد ساجد، ڈائریکٹر سپورٹس یاسمین اخترا ور ڈپٹی ڈائریکٹر ظہور احمد، ایس او بجٹ شہزاد علی اور ہارون ظفربھی موجود تھے، ڈی جی سپورٹس پنجاب ڈاکٹر آصف طفیل اور جنرل منیجر پنشن پنجاب محمد ساجد نے سپورٹس انڈوومنٹ فنڈ کے حوالے سے مفاہمت کی یادداشت (MOU)پر دستخط کئے
وزیراعلیٰ پنجاب کے مشیر برائے کھیل وہاب ریاض نے اس موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ آج پنجاب کے کھلاڑیوں کیلئے بڑی خوشخبری ہے کہ 12سال بعد 2ارب روپے کی رقم سے سپورٹس انڈوومنٹ فنڈ قائم ہو گیاہے، اس سے مستحق کھلاڑیوں کی فلاح وبہبود ہوگی، اس فنڈ کی بدولت سٹار کھلاڑی سامنے آئیں گے، کھلاڑیوں کو سارا سال کھیلنے کے مواقع ملیں گے اور انعامات دیئے جائیں گے، انڈوومنٹ فنڈکی رقم سے کھلاڑیوں کی کوچنگ اور ٹریننگ ہوگی،
وزیراعلیٰ پنجاب کے مشیر برائے کھیل وہاب ریاض نے مزید کہا ہے کہ انڈوومنٹ فنڈ کا اجراء پنجاب حکومت کا شاندار اقدام ہے،وزیراعلیٰ پنجاب سید محسن نقوی کا شکریہ ادا کرتا ہوں، 12سالوں سے رکا ہوا منصوبہ وزیراعلیٰ پنجاب کی بہترین سپورٹس پالیسی کی بدولت حل ہوگیا ہے، انڈوومنٹ فنڈ کی رقم کھلاڑیوں کی فلاح و بہبود پر خرچ ہوگی،
کھلاڑی انٹرنیشنل مقابلوں میں حصہ لے سکیں گے ان کو کھیلنے کے مواقع پہلے زیادہ ملیں گے، انڈوومنٹ فنڈ کا اجراء سپورٹس کی ترقی کیلئے بڑا اقدام ہے اور یہ پنجاب کے کھلاڑیوں کیلئے خوشخبری ہے۔
سیکرٹری سپورٹس پنجاب راجہ جہانگیر انور نے کہا ہے کہ انڈوومنٹ فنڈ سے ہماری سپورٹس ترقی کرے گی کھلاڑی بھرپور انداز سے کھیلوں میں حصہ لیں گے انہیں مواقع زیادہ ملیں گے،
ڈی جی سپورٹس پنجاب ڈاکٹر آصف طفیل نے بھی سپورٹس انڈوومنٹ فنڈ کو کھلاڑیوں کی فلاح بہبود کا شاندار منصوبہ قراردیتے ہوئے کہا ہے کہ سپورٹس انڈوومنٹ سے تمام کھلاڑیوں کا فائدہ ہوگا سپورٹس کی ترقی کیلئے انڈوومنٹ فنڈ کا قیام ضروری تھا۔