این سی جی سی ایل کے ذریعے پاکستان میں معاشی نمو، روزگار کے مواقع اور مثبت ترقیاتی اثرات مرتب ہوں گے، وزیر خزانہ
نیشنل کریڈٹ گارنٹی کمپنی لمیٹڈ پاکستان میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں (SMEs)کی فنانس تک رسائی کو بہتر بنانے کیلئے مارکیٹ کی پہلی خصوصی کریڈٹ گارنٹی کی سہولت ہوگی۔
یہ بات نگراں وزیر خزانہ ڈاکٹر شمشاد اختر نے کارانداز کے ساتھ تعاون سے شروع کی جانے والی پاکستان کی پہلی خصوصی کریڈٹ گارنٹی کمپنی برائے ایس ایم ایز کے تعارف کے موقع پر کہی۔
وزارت خزانہ،محصولات و اقتصادی امورکی وفاقی وزیر ڈاکٹر شمشاد اخترنے اپنے خطاب میں ایس ایم ای کریڈٹ کو بڑھانے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں اس وقت چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں کا مجموعی پرائیویٹ کریڈٹ 5.2 فیصد ہے۔نیشنل کریڈٹ گارنٹی کمپنی لمیٹڈ پاکستان کے پندرہ لاکھ سے زائد ایس ایم ایز اور 3.7ٹریلین روپے سے زائد مارکیٹ حجم کو خطرے سے بچانے کے لیے پراڈکٹس تیار کرے گی اوردیگر مالیاتی اداروں کیساتھ مل کرمارکیٹ میں کریڈٹ کی دستیابی یقینی بنائے گی۔
ایس ایم ای کریڈٹ تک رسائی میں مدد دینے والے اس انقلابی اقدام کا مقصدچھوٹے کاروباروں کے لیے سرمایہ کاری کی راہ ہموار کرنا ہے تاکہ پاکستان میں اقتصادی ترقی اورروزگار کے مواقع پیدا کیے جاسکیں۔
پاکستان میں تعینات برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے اپنے خطاب میں مالی شمولیت کو بڑھانے اور ایس ایم ای کریڈٹ کی رسائی کو مضبوط بنانے پرمبنی نیشنل کریڈٹ گارنٹی کمپنی کے مقاصد پر روشنی ڈالی اور بتایا کہ مالیاتی شمولیت کے پروگرام کے تحت اس کمپنی پر 6 ارب روپے کی ابتدائی سرمایہ کاری کی گئی ہے جو اس مقصد کی اہمیت اور حکومت برطانیہ کے عزم کی عکاسی ہے۔
کارانداز پاکستان کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر وقاص الحسن نے بتایا کہ کارانداز معاشی ترقی کو بڑھانے میں مہارت رکھاہے،یہ ایسے ٹولز ہیں جو پسماندہ افراد اور فرموں کو سرمایہ کی فراہمی میں مدد دیتے ہیں۔
نیشنل کریڈٹ گارنٹی کمپنی لمیٹڈ کے پاس بینک سے منسلک اورغیرمنسلک مالیاتی اداروں کی مکمل رینج کے ساتھ شراکت داری کی صلاحیت ہوگی جس سے وہ مالی شمولیت کے ایجنڈے پر بہتر انداز میں عمل کرسکے گی۔
نیشنل کریڈٹ گارنٹی کمپنی لمیٹڈ،ترقیاتی اہداف اور معاشی استحکام پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے پاکستانی مارکیٹ میں تقریباً 50 ارب روپے کے اضافی سرمایہ کی توقع کرتی ہے۔ جیسا کہ چھوٹے کاروبار ملازمت کے مواقع،اقتصادی ترقی اور برآمدات میں حصہ ڈالتے ہیں،توقع ہے کہ نیشنل کریڈٹ گارنٹی کمپنی لمیٹڈ ملکی ترقی میں مثبت اثرات مرتب کرے گی۔
کارانداز پاکستان،متنوع سرمایہ کاری کے پلیٹ فارمز کے ذریعے مائیکرو،چھوٹے اور درمیانی درجے کے کاروباری اداروں کی مالی رسائی کوفروغ دینے کے لیے پرعزم ہے۔ قرضہ اورمتعلقہ سہولیات پرمبنی پورٹ فولیو کا فائدہ اٹھاتے ہوئے کارانداز پاکستان میں ایس ایم ای فنانس کی معاونت کرتا ہے۔
تقریب میں برطانوی ہائی کمیشن اسلام آباد، سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (SECP)، اسٹیٹ بینک آف پاکستان(SBP) اور وزارت خزانہ کے نمائندوں نے شرکت کی اور ایس ایم ای کریڈٹ و مالی شمولیت کومضبوط بنانے کے لیے باہمی تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔