غزہ میں قبل ازوقت پیدا ہونے والے نوزائیدہ بچوں کی موت پرارمینہ خان آبدیدہ
حال ہی میں اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں غزہ کے الشفا ہسپتال میں قبل از وقت پیدا ہونے والے درجنوں نوزائیدہ بچوں کی موت پر اداکارہ ارمینہ خان آبدیدہ ہوگئیں۔تفصیلات کے مطابق اداکارہ ارمینہ خان نوزائیدہ بچوں کی موت کی خبر دیکھ کر آبدیدہ ہوگئیں اور کہا کہ فلسطین میں جاری اسرائیلی جارحیت دیکھ کر وہ پچھلے ڈیڑھ ماہ سے روزانہ رو رہی ہیں۔
اداکارہ نے انسٹاگرام پر اپنی ویڈیو شئیر کرتے ہوئے لکھا کہ قبل از وقت پیدا ہونے والے بچوں کے بارے سن کر مجھے بہت دکھ ہوا ہے، ایسا لگتا ہے کہ میری دنیا اچانک پلٹ گئی ہے اور میں کوئی برا خوب دیکھ رہی ہوں، میں ہر دن کسی کی مدد کرنے یا اچھا کام کرنے کی کوشش کرتی ہوں لیکن میری انسانیت سے امید ختم ہونا شروع ہوگئی ہے۔
ارمینہ نے آبدیدہ ہوتے ہوئے کہا کہ یہ سوچ کر بھی دل دہل جاتا ہے کہ ان روتے ہوئے بچوں کو تسلی دینے والا یا پیار کرنے والا کوئی نہیں ہے، ایک انسان ہونے کے ناطے یہ سب دیکھ کر میں اندر سے ٹوٹ چکی ہوں۔انہوں نے لکھا کہ جب انہیں فلسطینی بچوں کے بارے میں خبر ملی تو وہ جذباتی طور پر ٹوٹ گئی تھیں، اداکارہ نے بچوں کے لیے دعا کرتے ہوئے کہا کہ کاش کوئی معجزہ ہوجائے، پلیز ان معصوم لوگوں کی مدد کریں، ان چھوٹے بچوں پر کچھ رحم کریں، انہوں نے کچھ غلط نہیں کیا۔