آسٹریلیا جنوبی افریقہ کو شکست دے کر آٹھویں مرتبہ فائنل میں پہنچ گیا
ورلڈ کپ کے دورسے سیمی فائنل میں آسٹریلیا نے اعصاب شکن مقابلے کے بعد جنوبی افریقہ کو ہرا کر فائنل کے لئے کوالیفائی کر لیا۔
یاد رہے کہ ورلڈ کپ میں آسٹریلیا آٹھویں مرتبہ فائنل میں پہنچنے میں کامیاب ہوا ہے۔
بھارت کے شہر کولکتہ کے ایڈن گارڈن سٹیڈیم میں کھیلے گئے ورلڈ کپ کے دوسرے سیمی فائنل میچ میں جنوبی افریقہ کے کپتان ٹیمبا باووما نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے جنوبی افریقہ کی پوری ٹیم آخری اوورز میں 212 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔
آسٹریلیا نے 213 رنز کا ہدف 48 ویں اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا، ٹریوس ہیڈ 62 رنز بنا کر نمایاں رہے، آئی سی سی ورلڈ کپ 2023کا فائنل آسٹریلیا اور بھارت کے درمیان 19 نومبر کو نریندر مودی سٹیڈیم احمد آباد میں ہوگا۔
آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کے دوسرے سیمی فائنل میں آسٹریلیا نے جنوبی افریقہ کو دلچسپ مقابلے کے بعد 3 وکٹوں سے شکست دے کر آٹھویں مرتبہ ورلڈ کپ فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا، کینگروز نے پروٹیز کا 213 رنز کا ہدف 48 ویں اوور میں حاصل کرلیا، ٹریوس ہیڈ نے 62 رنز کی اننگز کھیلی، پیٹ کمنز اور مچل سٹارک نے تین تین وکٹیں حاصل کیں، ٹریوس ہیڈ کو شاندار آل رائونڈ پرفارمنس پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا، جنوبی افریقہ کے بلے باز ڈیوڈ ملر کی شاندار سنچری رائیگاں گئی۔
جمعرات کو ایڈن گارڈنز کولکتہ میں کھیلے گئے ورلڈکپ کے دوسرے سیمی فائنل میں جنوبی افریقہ کے کپتان ٹیمبا باووما نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا جو درست ثابت نہ ہوا، آسٹریلوی بائولرز کی زبردست کارکردگی کی بدولت پروٹیز ٹیم 50 ویں اوور میں 212 رنز پر آئوٹ ہوگئی، جنوبی افریقہ کو اننگز کے آغاز میں ہی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جب اننگز کے پہلے اوور میں کپتان باووما بغیر کوئی رن بنائے آئوٹ ہوگئے جبکہ 24 کے مجموعی سکور پر جنوبی افریقہ کی 4 اہم وکٹیں گر چکی تھیں، کوئنٹن ڈی کوک 3، ایڈن مارکرم 10 اور راسی وان ڈر داسن6 رنز بناکر آئوٹ ہوئے۔
اس موقع پر پانچویں وکٹ کی شراکت میں ڈیوڈ ملر اور ہینرک کلاسین نے 95 رنز بنا کر مجموعی سکور کو 119 تک پہنچا دیا، جنوبی افریقہ کے پانچویں آئوٹ ہونے والے کھلاڑی کلاسین 47 رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد پویلین لوٹ گئے، آسٹریلوی بائولر ٹریوس ہیڈ کی اگلی ہی بال پر مارکو جانسن بھی بغیر کوئی رن بنائے چلتے بنے۔
ڈیوڈ ملر نے ایک اینڈ پر رنز بنانے کا سلسلہ جاری رکھا اور اپنے ون ڈے کیریئر کی چھٹی سنچری سکور کی، وہ 5 چھکوں اور 8 چوکوں کی مدد سے 101 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، گیرالڈ کوٹزے 19 اور کیشو مہاراج 4 رنز بناکر آئوٹ ہوئے۔ آسٹریلیا کی طرف سے مچل سٹارک اور پیٹ کمنز نے تین تین ، جوش ہیزل ووڈ اور ٹریوس ہیڈ نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔
جنوبی افریقہ کا 213 رنز کا ہدف آسٹریلیا نے دلچسپ مقابلے کے بعد 7 وکٹوں کے نقصان پر 48 ویں اوور میں حاصل کرلیا، اوپننگ جوڑی ٹریوس ہیڈ اور ڈیوڈ وارنر نے اننگز کا جارحانہ انداز میں آغاز کیا اور 6 اوورز میں مجموعی سکور کو 60 تک پہنچا دیا، ڈیوڈ وارنر 18 بالوں پر 29 سکور بنا کر آئوٹ ہوئے تو کچھ دیر بعد مچل مارش بھی بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے،
اس موقع پر ٹریوس ہیڈ نے سٹیون سمتھ کے ساتھ مل کر مجموعی سکور کو آگے بڑھانا شروع کیا تاہم 106 کے مجموعی سکور پر آسٹریلیا کی تیسری وکٹ گر گئی جب ٹریوس ہیڈ 48 بالوں پر 62 رنز کی بہترین اننگز کھیل کر کیشو مہاراج کا شکار بنے، 137 کے مجموعی سکور پر آسٹریلیا کی پانچ وکٹیں گر گئی،
مارنس لبوشین 18 اور گلین میکسویل ایک رن بنا کر آئوٹ ہوئے۔ 174 کے مجموعی سکور پر سٹیون سمتھ 62 بالوں پر 32 رنز بنانے کے بعد کوٹزے کا شکار بنے، آسٹریلیا کی 193 کے سکور پر ساتویں وکٹ گر گئی جب جوش انگلس 28 رنز بنانے کے بعد آئوٹ ہوئے تو میچ سنسنی خیز صورت اختیار کرگیا، اس موقع پر کپتان پیٹ کمنز اور مچل سٹارک نے جنوبی افریقی بائولرز کا بھرپور مقابلہ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرادیا،
سٹارک 16 اور پیٹ کمنز 14 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔ جنوبی افریقہ کی طرف سے تبریز شمسی اور گیرالڈ کوٹزے نے دو دو، کگیسو ربادا، مارکرم اور کیشو مہاراج نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔اس فتح کے بعد آسٹریلیا نے آٹھویں مرتبہ ورلڈ کپ فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا ہے، ورلڈ کپ 2023 فائنل میں آسٹریلیا کا بھارت سے 19 نومبر اتوار کے روز مقابلہ ہوگا۔
بشکریہ: اے پی پی