نیوزی لینڈ کے ہاتھوں پاکستان کو دوسرے ون ڈے میں شکست
نیوزی لینڈ نے پاکستان کو دوسرے ون ڈے انٹرنشنل میں 79 رنز سے شکست دے کر سیریز 1-1 سے برابر کر دی پاکستانی ٹیم نیوزی لینڈ کے 262 کے ہدف کے تعاقب میں 182 رنز پر ڈھیر ہو گئی ۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے دیے گئے 262 رنز کے ہدف کے تعاقب میں قومی ٹیم 182 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔
نیشنل بینک کرکٹ ایرینا (نیشنل اسٹیڈیم) کراچی میں کھیلے گئے سیریز کے دوسرے میچ میں نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔
پہلے ہی اوور میں ایک مرتبہ پھر نسیم شاہ قومی ٹیم کو وکٹ دلوانے میں کامیاب رہے، اس مرتبہ انہوں نے فن ایلن کو 2 کے مجموعے پر کیچ آؤٹ کیا۔
اس کے بعد کیوی کپتان کین ولیمسن اور ڈیون کونوے کے درمیان 181 رنز کی شاندار پارٹنرشپ بنی۔ اس دوران کونوے نے اپنی سنچری بھی مکمل کی۔
خطرناک دکھائی دینے والی اس پارٹنرشپ کو نسیم شاہ نے ہی توڑا، جب 183 کے مجموعے پر نسیم نے کونوے کو خوبصورت انداز میں بولڈ کیا۔
اس کے بعد اسپنر محمد نواز نے اپنی جادوئی اسپن کا نشانہ بناتے ہوئے 4 کیوی کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ جن میں 85 رنز پر موجود کین ولیمسن بھی شامل تھے۔
ایک جانب جہاں وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری رہا وہیں مچل سینٹنر نے 37 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کے ٹوٹل کو 261 تک پہنچایا۔
نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم آخری اوور میں 261 رنز بنا کر آل آؤٹ ہوگئی۔
ہدف کے تعاقب کا آغاز کیا اور 9 کے مجموعے تک ہی دونوں اوپنرز فخر زمان اور امام الحق پویلین لوٹ گئے۔ دونوں نے بالترتیب صفر اور 6 رنز بنائے۔
اس کے بعد بابر اعظم اور محمد رضوان ٹیم کو سہارا دیا۔ 64 کے مجموعے پر محمد رضوان 28 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔
حارث سہیل نے 10، آغا سلمان نے 25، محمد نواز نے 3، اسامہ میر نے 12، محمد وسیم نے 10 رنز بنا کر بابر اعظم کا ساتھ دیا۔
ایک جانب جہاں وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری رہا وہیں دوسرے اینڈ کو بابر اعظم نے اپنی ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے سنبھالا، تاہم وہ میچ کو بہتر انداز میں ختم نہ کر سکے۔
ٹیم کے 9ویں آؤٹ ہونے والے کھلاڑی بابر اعظم ہی تھے جو اش سوڈھی کی گیند پر اپنا توازن برقرار نہ رکھتے ہوئے اسٹمپ آؤٹ ہوگئے۔ انہوں نے 79 رنز کی اننگز کھیلی۔
آخری آؤٹ ہونے والے کھلاڑی حارث رؤف تھے جو اونچا شاٹ کھیلتے ہوئے آؤٹ ہوئے۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے اش سوڈھی اور ٹم ساؤتھی نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ لوکی فرگوسن، مچل سینٹنر، مائیکل بریسویل اور گلین فلپس نے ایک ایک وکٹ لی۔
نیوزی لینڈ کے ڈیون کونوے کو شاندار سینچری سکور کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا۔ جبکہ فیصلہ کن میچ جمعہ کو کھیلا جائے گا۔