اسلام آباد (نیوزپلس) قومی کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز سابق آل راؤنڈر اظہر محمود نے شاہنواز دھانی کے بارے میں اپنے خیالات کا اظہار خیال کرتے ہوئے کہنا تھا کہ کہ شاہنواز دھانی کا مستقبل بہت روشن ہے، خوشی کی بات ہے کہ ایسا بولر پاکستان کو ملا، شاہنواز دھانی ٹیسٹ اسکواڈ میں شامل ہیں، مینجمنٹ کو دیکھنا ہے کہ انہیں کہاں کھلانا ہے لیکن میں سمجھتا ہوں کہ شاہنواز دھانی کوئی بھی فارمیٹ کھیلنے کی صلاحیت رکھتا ہے
اظہر محمود نے کہا کہ شاہنواز دھانی میں بہت انرجی ہے، وہ ہر وقت مسکراتا رہتا ہے، انہیں ایک میچ کے پہلے ہی اوور میں 15 رنز پڑے تو وہ پھر بھی چہرے پر مسکراہٹ سجائے ہوئے تھے اور انہیں اعتماد تھا کہ وہ کم بیک کریں گے اور ایسا ہی ہوا۔
اظہر محمود کا کہنا تھا کہ شاہنواز دھانی ایک انٹرٹینر ہے، وہ ایسا کریکٹر ہے جو سب کو جگا کر رکھتا ہے، نوجوان کھلاڑی کے لیے یہ بہت اہم ہوتا ہے کہ وہ بڑے دل کے ساتھ کرکٹ کھیلے۔
انہوں نے کہا کہ شاہنواز دھانی کی اسکلز پر کام کرنا ہے، ان کی ان سوئنگ اور آؤٹ سوئنگ میں وقت کے ساتھ بہتری آتی جائے گی، ورائٹی پر بھی کام کرنا ہے لیکن اس وقت شاہنواز دھانی کا بڑے دل کے ساتھ کھیلنا ان کی کامیابی کا راز ہے۔