لاہور (نیوزپلس) قومی کرکٹ ٹیم کے معروف فاسٹ بولرز شاہین آفریدی اور حارث رؤف نے قلندرز ہائی پرفارمنس سینٹر کا دورہ کیا جس میں دونوں کرکٹرز نے سینٹر کی سہولیات کے معترف ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق فاسٹ بولرز شاہین شاہ آفریدی اورحارث رؤف نے قلندرز ہائی پرفارمنس سینٹر کا دورہ کیا جہاں انہوں نے لاہور قلندرز کے سی ای او عاطف رانا، سی او او ثمین رانا اورڈائریکٹر عاقب جاوید سے ملاقات کی، اس دوران انہیں قلندرز ہائی پرفارمنس سینٹر مکمل ہونے اور اس کی ورکنگ کے بارے میں بتایا گیا۔
فاسٹ بولرز نے قلندرز ہائی پرفارمنس سینٹر کو عالمی معیار کا قرار دے دیا جب کہ شاہین شاہ آفریدی اور حارث رؤف نے نوجوان کرکٹرز کو ٹپس بھی دیں۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو میں حارث رؤف کا کہنا تھا کہ مجھے لاہور قلندرز کے پلیئرز ڈویلپمنٹ پروگرام نے شناخت دی، پی ڈی پی سے ہی مجھے پاکستان کی طرف سے کھیلنے کا موقع ملا، اب مزید کھلاڑی بھی اسی پلیٹ فارم سے تیار ہو رہے ہیں اور انہیں قلندرز ہائی پرفارمنس سینٹر میں خود کو نکھارنے کا موقع مل رہا ہے۔
جبکہ شاہین شاہ آفریدی نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ لاہور قلندرز کی مینجمنٹ کو قلندرز ہائی پرفارمنس سینٹر بنانے کا کریڈٹ جاتا ہے، نئے ٹیلنٹ کو اس سطح پر ایسی سہولیات نہیں مل سکتیں، پاکستان کے مستقبل کے لیے قلندرز ہائی پرفارمنس سینٹر بہت اچھا ہے یہاں سے نوجوان کرکٹرز لیگز کھیل رہے ہیں اور پھر قومی ٹیم کے لیے تیار ہو رہے ہیں۔
اس موقع پر لاہور قلندرز کے سی او او ثمین رانا نے کہا کہ لاہور قلندرز کا ایک خواب تھا کہ نوجوانوں کو سہولیات دیں تاکہ وہ خود کو نکھار کر لاہور قلندرز اور پاکستان ٹیم کی جانب سے کھیلیں اور ملک کا نام روش کریں،اب یہ خواب اب مکمل ہو رہا ہے۔