لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) عاصم سلیم باجوہ کا کہنا ہے کہ معاون خصوصی کا اضافی عہدہ چھوڑنے کی میری درخواست وزیراعظم نے منظور کرلی ہے۔ ٹوئٹر پر چیئرمین سی پیک اتھارٹی عاصم سلیم باجوہ نے اپنے پیغام میں بتایا کہ اُن کی معاون خصوصی کا اضافی عہدہ چھوڑنے کی درخواست منظور ہو گئی ہے۔عاصم سلیم باجوہ نے وزیر اعظم کو معاون خصوصی کے عہدے سے سبکدوش ہونے کی درخواست کی تھی۔
واضح رہے کہ گزشہ دنوں لیفٹننٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ نے وزیر اعظم کے معاون خصوصی کے عہدے سے مستعفی ہونے جبکہ چیئرمین سی پیک اتھارٹی پر برقرار رہنے کا فیصلہ کیا تھا۔اپنے وضاحتی بیان میں وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے اطلاعات لیفٹننٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ نے کہا تھا کہ میں نے عزت اور وقار کے ساتھ پاکستان کی خدمت کی ہے اور کرتا رہوں گا۔عاصم سلیم باجوہ نے موقف اپنایا کہ جھوٹی خبر چلانے کا مقصد میری ساکھ کو نقصان پہنچانے کی کوشش ہے۔