اسلام آباد (نیوز پلس) اسلامی نظریاتی کونسل کے چیئرمین قبلہ ایاز نے نیب آرڈیننس کی بعض دفعات کو غیراسلامی اور غیر شرعی قرار دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ نیب ترمیمی آرڈیننس سے نیب قانون مزید امتیازی ہوگیا ہے جبکہ نیب قانون اسلام کے قانون، جرم و سزا سے ہم آہنگ نہیں۔ اسلام آباد میں اسلامی نظریاتی کونسل کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس میں چیئرمین ڈاکٹر قبلہ ایاز نے بتایا کہ کونسل کا اجلاس 2 روز تک جاری رہا۔ان کا کہنا تھا کہ کونسل نے سوشل میڈیا پر توہین آمیز مواد کے خلاف قومی اسمبلی کی قرارداد کی تائید کی، ساتھ ہی انہوں نے یہ مطالبہ بھی کیا کہ سوشل میڈیا پر توہین آمیز مواد اپ لوڈ کرنے پر پابندی لگائی جائے۔قبلہ ایاز نے کہا کہ نیب آرڈیننس کی دفعات 14 ڈی، 15 اے اور 26 غیر اسلامی ہیں۔قبلہ ایاز نے بتایا کہ اسلامی نظریاتی کونسل کے مطابق بے گناہ کو ملزم ثابت کرنا، وعدہ معاف گواہ بنانا، پلی بارگین کرنے کی دفعات غیر اسلامی ہیں۔اسی طرح ان کا کہنا تھا کہ اسلامی نظریاتی کونسل کے مطابق نیب کی جانب سے ملزمان کو ہتھکڑی لگانا، میڈیا پر تشہیر کرنا اور حراست میں رکھنا غیرشرعی ہیں۔