اسلام آباد(نیوز پلس) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیراعظم کے گلوبل رفیوجی فورم سے خطاب پر مہاجرین کی مشکلات کا پوری دنیا کو ادراک ہوا ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پراپنے ایک بیان میں ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کا گلوبل رفیوجی فورم سے خطاب اور بے بس اور بے وسیلہ مہاجرین کے مسائل پر روشنی سے مہاجرین کی مشکلات کا پوری دنیا کو ادراک ہوا ہے،پاکستان غریب ملک ہونے کے باوجود تیس لاکھ مہاجرین کی میزبانی کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں دنیا میں ان حالات کا خاتمہ کرنا ہوگا جس کے باعث لوگ مہاجر بننے پر مجبور ہوتے ہیں۔معاون خصوصی کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعظم نے ہر بین الاقوامی فورم کی طرح اس فورم پر بھی مقبوضہ کشمیر میں بھارتی وحشیانہ اور غیر انسانی قبضے پر پوری دنیا کو آگاہ کیا،مقبوضہ کشمیر میں بھارت کو غیر قانونی غیر انسانی اقدامات سے باز رکھ کر مہاجرین کے ایک بڑے بحران سے بچا جاسکتا ہے۔