راولپنڈی (نیوز پلس)پاکستانی فوج کے سابق سربراہ کو آئین شکنی کے جرم میں سزائے موت سنائے جانے کے فیصلے پر اپنے ردعمل میں ترجمان پاک فوج نے کہا کہ جنرل(ر) پرویز مشرف کسی صورت بھی غدار نہیں ہو سکتے اور یہ کہ خصوصی عدالت کے فیصلے پر افواجِ پاکستان میں شدید غم و غصہ اور اضطراب ہے۔خصوصی عدالت کے فیصلے کے چند گھنٹوں بعد فوج کے ترجمان ادارے آئی ایس پی آر کی جانب سے عد عمل سامنے آیا ہے۔
ڈائریکٹر جنرل آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے جی ایچ کیو میں خصوصی کانفرنس کے بعد پرویز مشرف کی سزائے موت کے فیصلے پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ جنرل پرویز مشرف نے 40 سال سے زیادہ پاکستان کی خدمت کی ہے۔ جنرل(ر) پرویز مشرف آرمی چیف، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور صدر پاکستان رہے ہیں۔ انہوں نے ملک کے دفاع کے لیے جنگیں لڑی ہیں۔ وہ کسی صورت بھی غدار نہیں ہو سکتے، خصوصی عدالت نے کیس میں نہ آئینی اور نہ ہی قانونی تقاضے پورے نہیں کیے گئے اور انہیں اپنے دفاع کا بنیادی حق بھی نہیں دیا گیا،عدالتی کارروائی شخصی بنیاد پر کی گئی اورکیس کو عجلت میں نمٹایا گیا ہے۔ ترجمان پاک فوج نے کہا کہ ا فواجِ پاکستان توقع کرتی ہیں کہ جنرل پرویز مشرف کو آئین پاکستان کے تحت انصاف دیا جائے گا۔