اسلام آباد(نیوز پلس) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ نوازشریف کے معاملے پر حکومت نے بال مسلم لیگ(ن) کے گراونڈ میں پھینک دی ہے اب دیکھتے ہیں وہ کیا فیصلہ کرتے ہیں۔وفاقی دارلحکومت اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو میں ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھاکہ تاثر دیا جارہا ہے حکومت نے نواز شریف کے علاج پر سیاست کررہی ہے، وزیراعظم نے سیاست کے بجائے انسانی ہمدری کو فوقیت دی اور نواز شریف کی صحت کے اوپر سیاست سے منع کیا ہے۔معاون خصوصی نے کہاکہ مسلم لیگ (ن) اور پی ٹی آئی کا ٹوئنٹی ٹوئنٹی میچ نہیں، نوازشریف کو علاج کے لیے بیرون ملک جانے کی اجازت دی، نواز لیگی ترجمان اس پر تمسخر اڑا کر سیاست کر رہے ہیں، مسلم لیگ (ن) سے ہمارا میچ نہ ٹی ٹونٹی ہے نہ ہی ون ڈے، ہماری یہ ایک لمبی سیریز ہے جو چلتی رہے گی۔فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پرویز مشرف اور نواز شریف کے کیسز میں بنیادی فرق ہے اور حکومت نے اس معاملے میں قائد و ضوابط کے مطابق فیصلہ کیا۔انہوں نے کہا کہ آج شہباز شریف انا کی چھتری سے باہر نکل کر فیصلہ کریں، اس پنجہ آزمائی میں میاں صاحب کی صحت خراب نہیں ہونی چاہیے، بال مسلم لیگ (ن) کے گراونڈ میں پھینک دی ہے، دیکھتے ہیں وہ کیا فیصلہ کرتے ہیں۔ نواز شریف کے بروقت علاج کے لیے حکومت نے لچک دکھائی، قانون میں ہیکہ سزا یافتہ شخص اگر علاج کے لیے بیرون ملک جانا چاہتا ہے تو واپس لانے کے لیے گارنٹی ہونی چاہیے لہٰذا ن لیگ انڈیمنٹی بانڈ جمع کرائے اور نواز شریف کو علاج کیلئے لے کر جائے۔ آزادی مارچ کے خاتمے پر معاون خصوصی نے فضل الرحمن پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ ’بڑے بے آبرو ہو کر تیرے کوچے سے ہم نکلے‘، مولانا کے لیے دعا گو ہوں کہ اللہ ان کو قومی سلامتی سے جڑے بہتر فیصلے کرنیکی توفیق عطا فرمائے، ہمیں توقع ہے کہ ان کا پلان بی بھی اسی طرح فلاپ ہوگا، عوام اس طرح کے سیاسی ڈراموں کی قسطیں کو پہچانتے ہیں، مولانا صاحب 13 کے اسکور پر آپ بولڈ ہوگئے ہیں،عمران خان نے 126 اسکور کرکے سنچری بنائی تھی۔