لاہور (نیوز پلس)لاہور کی احتساب عدالت نے گجرانوالہ الیکٹرک پاور کمپنی (گیپکو) میں غیر قانونی بھرتیوں کے کیس میں پاکستان پیپلز پارٹی کے اہنم رہنما ء اور سابق وزیر اعظم راجا پرویز اشرف کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے۔احتساب عدالت کے ڈیوٹی جج جواد الحسن نے (گیپگو) میں غیر قانونی بھرتیوں کے کیس کی سماعت کی۔راجا پرویز اشرف کے وکیل ایڈووکیٹ افتخار شاہد نے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ سابق وزیر اعظم آج ناساز طبیعت کے باعث احتساب عدالت میں پیش نہیں ہو سکتے، لہٰذا ان کی حاضری سے معافی کی درخواست منظور کی جائے۔نیب پراسیکیوٹر وارث جنجوعہ نے اعتراض اٹھاتے ہوئے موقف اپنایا کہ گزشتہ کئی سماعتوں سے راجا پرویز اشرف عدالت میں پیش نہیں ہو رہے، اب کیس آخری مراحل میں ہے مگر وہ آج بھی غیر حاضر ہیں۔عدالت نے ریمارکس دیئے کہ راجا پرویز اشرف کو ہر صورت عدالت میں اپنی حاضری کو یقینی بنانا چاہیے۔عدالت نے سابق وزیر اعظم کی حاضری سے معافی کی درخواست مسترد کرتے ہوئے ان کے قابل ضمانت وارٹ گرفتاری جاری کر دیئے اور انہیں 50 ہزار روپے مچلکے جمع کروانے کا حکم دیا۔عدالت نے کیس کی سماعت 18 ستمبر تک ملتوی کردیا۔