بہاولپور(نیوز پلس) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ کشمیریوں کے ساتھ ہیں اور رہیں گے، 14 اگست کو کشمیریوں کی حمایت میں لاہور میں ریلی نکالیں گے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ سینٹرل جیل کے دورے کے دوران میں نے قیدیوں کے ساتھ کھانا کھایا ہے۔ جلد ترقیاتی کام شروع ہونگے۔ منتخب نمائندوں سے میٹنگ ہو گی جلد اس پر عمل درآمد ہو گا۔ فیصل آباد ڈویژن سے کام کا آغاز کر دیا ہے۔ 21 ارب روپے مختص کیے ہیں۔وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ قیدیوں کی سزا میں دو ماہ کی رعایت کا اعلان کیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے لیے فنڈز مختص کررہے ہیں اور جلد بہاولپور میں جنوبی پنجاب سیکرٹری کو جلد فعال کریں گے۔ پنجاب میں نو بڑے ہسپتال بنا رہے ہیں اور 10 ہزار ڈاکٹرز بھرتی کیے ہیں صحت کے شعبے کے لیے 27 فیصد بجٹ بڑھایا ہے انہوں نے کہا کہ ہامرے پاس الہ دین کا چراغ نہیں جو ایک دم سب کچھ ہو جائے۔اس سے قبل وزیراعلیٰ پنجاب نے مختلف شہروں کا دورہ کیا، عثمان بزدار نے تقاریب میں شرکت کی اور دارالامان کے بچوں میں تحائف بھی تقسیم کئے، سیالکوٹ میں علامہ اقبال میموریل ٹیچنگ ہسپتال بھی گئے۔ سردار عثمان بزدار سرگودھا پہنچے اور پولیس اہلکاروں کے اعزاز میں دئیے کھانے میں شرکت کی۔ جوانوں کے ساتھ کھانا کھایا اور شہدء ا کے ورثا میں تحائف تقسیم کیے۔عثمان بزدار نے دارالامان کے بچوں میں عید تحائف بھی تقسیم کئے، وزیر اعلی پنجاب نے شہداء کی یادگار پر پھول چڑھائے اور شہر کا دورہ کرکے صفائی کا جائزہ بھی لیا۔عثمان بزدار سیالکوٹ کے گورنمنٹ علامہ اقبال میموریل ٹیچنگ ہسپتال گئے جہاں انہوں نے گائنی اور سرجیکل وارڈ کا دورہ کیا۔ ہسپتال انتظامیہ نے وزیراعلیٰ کو ڈائیلسزاور ایکسرے مشین خراب ہونے سے آگاہ کیا۔وزیراعظم کی مشیر برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان اور مشیر وزیراعظم عثمان ڈار بھی وزیراعلیٰ کے ہمراہ تھے۔